عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اس پر جلد قابو پالینگے ، عابد شیر علی ،ہمیں فراہم کئے گئے اعدادوشمار پر اعتبار نہیں اس لئے ہم شارٹ فال کے حوالے سے گوں مگوں کا شکار ہیں،،ماضی میں عوام اور حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی اب ایسا نہیں ہونے دینگے ،اعدادوشمار کیلئے فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی ، نااہل افسران فارغ کردیا جائے گا ، ہنگامی پریس کانفرنس

ہفتہ 10 مئی 2014 07:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے بجلی کے حوالے سے اعدادوشمار درست نہ ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں فراہم کئے گئے اعدادوشمار پر اعتبار نہیں اس لئے ہم شارٹ فال کے حوالے سے گوں مگوں کا شکار ہیں، عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اس پر جلد قابو پالینگے ، ماضی میں عوام اور حکومت کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی اب ایسا نہیں ہونے دینگے ،اعدادوشمار کیلئے فیکٹ اینڈ فائنڈنگ کمیٹی بنا دی ہے جو ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے گی ، نااہل افسران فارغ کردیا جائے گا ، ان خیالات کا اظہار عابد شیر علی نے جمعہ کے روز وزارت پانی و بجلی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے کہا کہ تقسیم کار کمپنیوں کی بریفنگ سے مطمئن نہیں کمپنیوں کے پاس درست اعدادوشمار نہیں ہیں بجلی کی تقسیم کا ر کمپنیاں اس حکومت کو غلط اعدادوشمار نہیں دے سکتی ۔ ماضی میں عوام اور حکومت کو غلط اعدادوشمار دیئے گئے ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں نظام میں باقاعدگی نہیں لائی گئی عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی اب ایسا نہیں ہونے دینگے ۔

این ٹی ڈی سی کو کرپٹ افسران سے جان چھڑانے کے لیے کہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بجلی کے نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کی ہے غلط اعدادو شمار کی وجہ سے سسٹم میں 1006 میگا واٹ کا فرق نکلا جواب تک نہیں ملا سابق حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتی رہی کنٹرول روم میں میٹنگ کی تینوں سیکرینوں پر الگ الگ ریڈنگ نظر آئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں این ٹی ڈی سی پر تحفظات ہیں این ٹی ڈی سی نے دس سال میں حکومت اور عوام کو بہت چکر دیئے وزیراعظم نے ایک ماہ میں بجلی کا نظام باقاعدہ کرنے کی ہدایت کی ہے مجرمانہ غفلت پر کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے اس پر جلد قابو پالیں گے مسلم لیگ(ن) نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں انہیں پورے کیا جائے گا ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ وزیر اعظم کو بھی بجلی کی طلب اور رسد سے متعلق ڈیٹا پر مطمئن نہیں کیا جاسکا بعض فیڈر پر 90 فیصد بجلی چوری ہورہی ہے جو ممکن ہی نہیں انہوں نے کہا کہ تیل چوری روکنے کے لیے ریلوے سے کنٹریکٹ کرلیا ہے جامشورو مظفر گڑھ میں فیڈرز کو تیل کی سپلائی ریلوے کے ذریعے ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی کے سابق چیئرمین کو بھی ذمہ دار ٹھہرائیں گے فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بنا دی گئی ہے جو اعدادوشمار پر چیک کرے گی کمیٹی کی سربراہی ڈاکٹر مصدق ملک کرینگے کمیٹی تحقیقات کرکے ایک ہفتے میں رپورٹ دے گی اور ذمہ داروں کا تعین بھی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کی صورت میں فیڈر کے متعلقہ ایکسین او ایس ڈی او کیخلاف بھی کارروائی ہوگی ذمہ داری کی ادائیگی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہوگی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے افسروں کو فارغ کردیا جائیگا سسٹم میں خامیاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا ہماری کان اور آنکھیں ہیں ان کے ذریعے عوام تک حقائق پہنچائے جائینگے اگر این ٹی ڈی سی سمارٹ میٹرنگ میں تاخیر نہ کرتا تو آج ہمیں درست اعدادوشمار مل جاتے شارٹ فال پر گوں مگوں کا شکار ہیں کیونکہ ہمارے پاس درست اعدادوشمارنہیں اورنہ ہی ہمیں دیئے گئے اعدادوشمار پر اعتبار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ کے دورے موقع پر جنریشن ہیٹ کا جائزہ بھی لیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :