امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی وزیراعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقاتیں،ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 10 مئی 2014 07:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی ملاقات ‘ ملاقات میں پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جمعہ کی شام امریکی نائب وزیر خارجہ نے اسلام آباد میں وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان پاک امریکہ تعلقات‘ دو طرفہ اور علاقائی خصوصاً افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

ادھرچیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی ملاقات جس میں خطے کی سکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا آئی ایس پی آر کے مطابق ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روز امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم جے برنز نے ڈی ایچ کیو کا دورہ کیا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان کا استقبال کیا ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پاک افغان سرحد پر سکیورٹی سمیت خطے کی مجموعی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بے پناہ قربانیاں دی ہیں جسے امریکہ تسلیم کرتا ہے۔

جبکہ امریکہ کے نائب وزیر خارجہ ولیم جے برنز نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی نائب وزیر خارجہ نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ انکے حالیہ دورہ امریکہ کے دیرپا اثرات مرتب ہوئے ہیں اور واشنگٹن میں پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہا گیا ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور انکے نتائج توقع سے بڑھ کر آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت اب درست سمت میں گامزن ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے انہیں قومی معیشت سے متعلق بریفنگ دی اور گزشتہ دس ماہ کے دوران اقتصادی اشاریوں میں ہونیوالی بہتری سے آگاہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کے حالیہ کامیاب دورہ برطانیہ کی تفصیلات سے بھی انہیں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو ایشیائی ترقیاتی بنک کے بورڈ آف گورنرز کے آستانہ میں ہونے والے اجلاس کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کی نمائندگی کی۔