قومی اسمبلی کی مذہبی امورکمیٹی کا حج2014ء کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار،فضائی کمپنیوں میں اضافہ کیا جاتاتو مقابلے کے باعث معیار بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ حج مزید 60 ہزار روپے سستا کرایا جاسکتا تھا،کمیٹی ارکان، پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کو بھی قواعد کاپابند بنایا جائے،چیئرمین حافظ عبدالکریم، معاہدہ کے تحت پرائیویٹ طور پر سرکاری سکیم سے 20فیصد زائد حاجی پرائیویٹ سکیم کے تحت عازم حجاز ہونگے ،سردار یوسف، نجی ٹورز آپریٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے، گزشتہ سال 54 شکایات موصول ہوئیں 31 نمٹادی گئیں، جرمانے کے تحت 7 کمپنیوں کو خارج کردیاگیا، سیکرٹری اسماعیل سکندر ، قائمہ کمیٹی نے ٹی وی چینلز پر چلنے والے غیر اخلاقی اشتہار رکوانے کی سفارش کردی

جمعہ 9 مئی 2014 06:56

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج2014ء کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے اگر فضائی کمپنیوں میں اضافہ کیا جاتاتو مقابلے کے باعث معیار بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ حج مزید 60 ہزار روپے سستا کرایا جاسکتا تھا، چیئرمین حافظ عبدالکریم نے کہاہے کہ عازمین کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، پرائیویٹ ٹورز آپریٹرز کو بھی قواعد کاپابند بنایا جائے جبکہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ عازمین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہے ہیں ، معاہدہ کے تحت پرائیویٹ طور پر سرکاری سکیم سے 20فیصد زائد حاجی پرائیویٹ سکیم کے تحت عازم حجاز ہونگے ، سیکرٹری اسماعیل سکندر نے کہا کہ نجی ٹورز آپریٹرز کی سخت مانیٹرنگ کی جاتی ہے، گزشتہ سال 54 شکایات موصول ہوئیں 31 نمٹادی گئیں، جرمانے کے تحت 7 کمپنیوں کو خارج کردیاگیا، حاجیوں کے ٹھہراؤ کیلئے عزیزیہ میں68عمارات کرایہ پر حاصل کی ہیں جن میں 30 ہزار سے زائد عازم سمو سکیں گے، ایک لاکھ 27 ہزار حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 54 ہزار حجاج کو درخواست کی ٹائمنگ کی بنیاد پر کامیاب قرار دیا جائیگا، پرائیویٹ آپریٹرز کے پیکج کو وزارت مختص نہیں کرسکتی، قائمہ کمیٹی نے ٹی وی چینلز پر چلنے والے غیر اخلاقی اشتہار رکوانے کی سفارش کردی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین حافظ عبدالکریم کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی، وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف، سیکرٹری سکندر اسماعیل خان، جے ایس حج شہزاد احمد، قائم مقام چیئرمین محکمہ متروکہ وقف املاک بورڈ الیاس خٹک و دیگر حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر کمیٹی کو حج 2014 کے حوالے سے انتظامات بارے بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ حج پالیسی 2014ء میں کمیٹی کی تمام تجاویز شامل کی گئیں جو اعلان کردی گئیں کمیٹی کی تجویز پر ایک کیٹیگری رکھی گئی اور حج اخراجات میں کمی لائی گئی۔ حج اخراجات میں تقریباً 25 ہزار فی کس کمی کی ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ کمیٹی کی تجاویز پر کمی خوش آئند ہے جس پر وزیر مذہبی مور کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں لیکن شکوہ بھی ہے کہ تجاویز پر 100 فیصد عمل نہیں کیاگیا دیگر عالمی فضائی کمپنیوں کو حج آپریشن میں شامل نہیں کیاگیا ورنہ اخراجات میں کمی 60 ہزار روپے کمی ہوسکتی تھی وزارت کو ہدایت کرتے ہیں کہ عازمین کو دوران حج زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں وزارت حج فضائی آپریشن کو بھی بہتر بنائے وزیراعظم میاں نوازشریف کو خط بھی لکھا تھا کہ دیگر عالمی فضائی کمپنیوں کو بھی شریک کیا جائے۔

رکن شگفتہ جمانی نے کہاکہ اخراجات میں کمی کس مد میں کی گئی ہے سیکرٹری مذہبی امور سکندر اساعیل نے کمیٹی کو حج انتظامات بارے بریفنگ دیتے وہئے کہاکہ 21 اپریل سے حج درخواستوں کی وصولی شروع کی گئی چھ بینک اس میں شامل تھے پہلے ہی دن 95 ہزار درخواستیں شام 5 بجے تک موصول ہوگئیں جس کے بعد ہم نے وصولی کا سلسلہ رکوادیا، حبیب بینک نے 33ہزار 469، یونائٹیڈ بینک لمیٹڈ 17 ہزار 725، نیشنل بینک آف پاکستان 16 ہزار 335، مسلم کمرشل بینک 36ہزار 278، الائیڈ بینک 11 ہزار 945، زرعی ترقیاتی بینک 11ہزار 857 درخواستیں وصول کیں اس طرح کل 1لاکھ 27 ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں ہمارا ٹارگٹ ہے کہ ڈیٹا انٹری اور سکینگ 15 دن میں مکمل کرلیں گے ان میں سے کامیاب امیدواروں کا انتخاب درخواست کی وصولی کے وقت کے حساب سے کیا جائیگا۔

سید عامر علی شاہ ے کہاکہ درخواستوں کی وصولی میں بینکوں نے عام لوگوں کو شام تک بٹھائے رکھا اور سفارش کی بنیاد پر درخواستیں وصول کیں۔ عمران شاہ نے وزارت کے حکام کو حج پالیسی کی تیاری پر مبارکباد دی اور کہاکہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی سکیم پر اس دفعہ کچھ اعتراضات اور تحفظات سامنے آئے جن کا اگلے سال حل نکالا جانا چاہیے۔ ہارڈ شپ کیسوں کیلئے سفارشیوں کا دباؤ ہوگا وزیر مذہبی امور نے کہاکہ دباؤ اور سفارشیں ضرور ہونگی لیکن ہم میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔

سیکرٹری نے کہاکہ تاحال 68 عمارتیں لی ہیں جن میں 38 ہزار کی گنجائش ہے۔ سیکرٹری مذہبی امور نے مزید کہاکہ اس دفعہ ویکسین کے حوالے سے 6کروڑ روپے بچائے کینکہ ترکی نے یہ ویکسین فراہم کردی ہے جو مفت حجاج کو لگائی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ حج ایڈوائزری کمیٹی مکمل ہوگئی ہے۔ وزیر مذہبی امور اس کے چیئرمین، ڈی جی حج، سینیٹر مولا بخش چانڈیواور حاجی اکرم انصاری ممبر ہونگے۔

جے ایس حج شہزاد احمد نے کہاکہ 102 ایسی بلڈنگز مسترد کی گئیں کیونکہ وہ مہنگی یا پرانی تھی۔ وزیر مذہبی امور نے کہاکہ اس سال ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید بہتر بنایا گیا چیئرمین کیمٹی نے استفسار کیا کہ کیا وزارت نے پرائیویٹ حج آرگنائزر کیلئے بھی کوئی نرخ مقرر کئے ہیں اور مانیٹرنگ کا انتظام کیا جس پر سیکرٹری نے کہاکہ گزشتہ سال 54 شکایات موصول ہوئیں جس پر 7 کمپنیوں کو خارج کیاگیا اور بعض کو 5 لاکھ روپے تک جرمانے کئے گئے 31 کیس نمٹائے گئے انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ حج آرگنائزرز کیلئے ہم حج اخراجات مقرر نہیں کرسکتے کیونکہ یہ ان کا بزنس ہے اور وہ اپنے گاہک کی مانگ کے مطابق سہولت فراہم کرتے ہیں۔

وزیر مذہبی امور نے کہاکہ ہم نے پیمرا کو غیر اخلاقی اشتہار چلانے پر خط لکھ دیاہے۔

متعلقہ عنوان :