وزیر اعظم برطانیہ کے4 روزہ دورے کے بعد آج اسلام آباد پہنچیں گے

پیر 5 مئی 2014 08:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء)وزیر اعظم محمد نواز شریف برطانیہ کے4 روزہ دورے کے بعد آج پیر کو اسلام آباد واپس پہنچیں گے جہاں وہ6 روزہ قیام کے بعد11 مئی کو ایران کے دورے پر روانہ ہو جائیں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم ان 6 روز کے دوران وفاقی دارالحکومت کے ساتھ ساتھ کراچی اور لاہور میں جائیں گے جہاں وہ اہم امور پر اجلاسوں کی صدارت اور کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی حکومت کے خلاف اگرچہ مختلف سیاسی جماعتوں نے احتجاج کی کال دے رکھی ہے لیکن وہ ان کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے پروگراموں پر مکمل عمل کررہے ہیں ۔وزیر اعظم ایران میں صدر حسن روحانی اور ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنائی اور دیگر اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے ۔

(جاری ہے)

ان سے قبل مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز ایران کا دورہ کر چکے ہیں جس میں انہوں نے ایرانی صدر کو وزیر اعظم نواز شریف کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا تھا ۔

توقع کی جارہی ہے کہ اس دورے میں وزیر اعظم کئی اہم سمجھوتوں پر دستخط کریں گے جبکہ ایران سے گیس پائپ لائن کے بارے میں مستقبل کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جائیگا ۔ایران یہ گیس پائپ لائن پاکستان کی سرحد پر تعمیر کر چکا ہے لیکن پاکستان نے اب تک اس منصوبے پر کام شروع نہیں کیا اور اس کا موقف ہے کہ کوئی بھی عالمی کمپنی اس منصوبے میں سرمایہ کاری پرتیار نہیں کیونکہ انہیں امریکہ سمیت دیگر ممالک کی طرف سے پابندیوں کا خطرہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :