بیرون ملک سفر کیلئے پولیو ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ، حتمی منظوری کیلئے وزارت قومی صحت نے صوبائی وزراء صحت کا ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتے طلب کرلیا

پیر 5 مئی 2014 07:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء)ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پاکستانی شہریوں کے بیرون ملک سفر کے لئے پولیو ویکسین لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حتمی منظوری کے لئے وزارت قومی صحت نے صوبائی وزراء صحت کا ہنگامی اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے حوالے سے پاکستانی شہریوں کے غیر ملکی سفر پر پابندیاں لگنے کا امکان ہے جس کے باعث وفاقی حکومت نے سفری پابندیوں سے بچنے کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر صحت سائرہ افضل تارڈ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ ہفتے تمام صوبائی وزراء صحت کا ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بیرون ملک سفر کے لئے پولیو کے خاتمے کی ویکسین لازمی قرار دی جائے گی۔ فیصلے کے تحت پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر پولیو ویکسین کے خصوصی کاونٹر قائم کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی انٹرنیشنل ہیلتھ ریگولیشن کمیٹی اپنے ہنگامی اجلاس میں پاکستان سمیت دس ممالک میں پولیو کی صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔ پاکستان میں پولیو کیسز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث پاکستانی شہریوں پر سفری پابندیاں لگنے کے زیادہ امکانات ہیں۔

متعلقہ عنوان :