وزیر داخلہ چوہدری نثار آج وزیر اعظم کی وطن واپسی پر انہیں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے، آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں ان سے احکامات لیں گے،وزیر داخلہ کے حکومتی اور طالبان کمیٹی کے ارکان سے تازہ رابطے

پیر 5 مئی 2014 07:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء)وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان آج پیر کو وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی پر انہیں طالبان سے مذاکرات کے حوالے سے رپورٹ پیش کریں گے اور آئندہ کی حکمت عملی کے بارے میں ان سے احکامات لیں گے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اس حوالے سے حکومتی اور طالبان کمیٹی کے ارکان سے تازہ رابطے کئے ہیں جبکہ طالبان کی طرف سے بھی آئندہ ملاقات کے لئے دوتین مقامات اور دو تاریخوں کی نشاندہی کی گئی ہے جس پر جلد حکومتی اور طالبان کمیٹی کے ارکان غور کریں گے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم اپنے برطانوی دورے میں بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ وہ مذاکرات کے ذریعے امن کی بحالی پریقین رکھتے ہیں اور طالبان سے مذاکرات کا مقصد بھی یہی ہے کہ ملک میں مزید خون ریزی نہ ہو جبکہ طالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق سمیت کئی رہنما اس عمل کے حوالے سے خدشات اور تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں حتی کہ حکومتی کمیٹی کے اہم رکن میجر (ر) محمد عامر مذاکراتی عمل سے علیحدگی کا بھی اعلان کرچکے ہیں ۔بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ میجر عامر کی وزیر اعظم سے ان کی وطن واپسی پر ملاقات بھی متوقع ہے۔