باجوڑ ایجنسی میں سرحد پار فائرنگ سے ایک جوان شہید ، ایک زخمی،افغانستان کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی،آئی ایس پی آر،پاکستان کا افغانستان سے شدید احتجاج، سر حدی حدود کی خلا ف ورزی اور گولہ با ری کسی صورت قابل قبو ل نہیں، پا کستا ن ،شمالی وزیرستان میں سڑک کنارے دو بم دھماکے،کوئی نقصان نہیں ہوا

پیر 5 مئی 2014 07:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) باجوڑ ایجنسی میں سرحد پار فائرنگ سے ایک جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق باجوڑ کے سرحدی علاقے میں افغانستان کی جانب سے پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہوگئے۔ بلااشتعال فائرنگ کا واقعہ اتوار کے روز دن 11 بجکر 45 منٹ پر پیش آیا۔

یاد رہے کہ اس واقعہ سے پہلے بھی افغانستان کی جانب سے متعدد بار سرحدی حدود کی خلاف ورزی کی گئی۔ سرحدی حدود کی خلاف ورزی اور سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر پاکستان نے افغانستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔اور کہا کہ سر حدی حدود کی خلا ف ورزی اور گولہ با ری کسی صورت قابل قبو ل نہیں اور نہ ہی اسے برداشت کیا جا ئے گا۔

(جاری ہے)

ادھرشمالی وزیرستان ایجنسی میں دو مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے دو دھماکے ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

نجی ٹی وی کا عسکری ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے مقام پر علی الصبح وقفے وقفے سے دو دھماکے ہوئے، پہلا دھماکا میران شاہ کے علاقے غلام خان روڈ پر ہوا، دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ دوسرا دھماکا میران شاہ کی حدود سیدگی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہوا۔ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا، دھماکا ریمورٹ کنٹرول کے ذریعے کیا گیا، تاہم حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔دوسری جانب میران شاہ کے علاقے غلام خان روڈ سے 10کلو وزنی بم برآمد کیا گیا، جس بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ واضح رہے کہ شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے میران شاہ میں کرفیو کا نفاذ ہے، جس کے دوران بم برآمد کیا گیا۔