کراچی ،بے نام قاتلوں نے ایم کیو ایم کے ہمدرد وکیل سمیت 6افراد کو موت کی وادی میں پہنچادیا ،وکلاء کا ٹارگٹ کلنگ کیخلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ،سی آئی ڈی پولیس نے شارع فیصل پر کارروائی کرکے اسلحہ اور 20لاکھ روپے برآمد کرلئے

اتوار 4 مئی 2014 07:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) روشنیوں کے شہرمیں موت کے سوداگر ہر روز ہنستے بستے خاندانوں کو اجاڑ رہے ہیں اور پولیس سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی صرف ذبانی دعوں تک ہی محدود ہے، ہفتہ کو بھی شہر میں بے نام قاتلوں نے ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں ایم کیو ایم کے ہمدرد وکیل سمیت 6افراد کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹان میں اسلام چوک کے قریب نامعلوم افراد ایک کار پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں گاری میں موجود وکیل حماد ادریس ایڈووکیٹ اور ان کا ڈرائیور نعمان شاہ جاں بحق ہوگئے۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن سیف یار خان نے کہا ہے کہ فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے حماد ادریس ایڈووکیٹ ایم کیو ایم کے ہمدرد اور نعمان شاہ کارکن تھا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک جانب کارکنوں کی ماورائے عدالت ہلاکتیں کی جارہی ہیں جبکہ دوسری جانب ان کی ٹارگٹ کلنگ بھی جاری ہے۔سائٹ کے علاقے میٹروول میں بھتہ نہ دینے پر نامعلوم افراد نے اسکول میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسکول پرنسپل جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مسلح افراد کا تعاقب کیا اور مقابلے میں ایک حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، میٹروول قبرستان کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2افراد کی زندگی کا خاتمہ کردیا، اس کے علاوہ نارتھ کراچی کے علاقے انڈا موڑ کے قریب فائرنگ سے نامعلوم شخص کی زندگی کا چراغ گل کردیا گیا۔

غریب آباد انڈر پاس کے قریب بھی فائرنگ سے 2افراد شدید زخمی ہوگئے۔دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے شارع فیصل پر کارروائی کرکے 5ملزمان عمر احمد، محمد فیصل، زبیرعلی، شہریاراور شعیب کو گرفتار کرلیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی اگوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہیں اور ابن کے قبضے سے اسلحہ سمیت 20لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔دوسری جانب وکلا برادری نے ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کیخلاف عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کردیا جس کے نتیجے میں ہزاروں مقدمات التو ا کا شکار ہوگئے ہیں۔