پانچ دن میں 3.3 ارب کی وصولیاں کیں،جتنا کام دس ماہ میں ہماری حکومت نے کیا گذشتہ بارہ برسوں میں بھی نہیں ہوا،عابد شیرعلی، قانون سازی کی جارہی ہے، بجلی چوروں کیخلاف کیس بھی بنیں گے اور وہ جیل بھی جائیں گے،بجلی چوروں میں اگر کوئی وزارت پانی و بجلی کا افسر بھی ملوث ہوا تو اسے بھی نہیں چھوڑیں گے،تحریک انصاف والے اور کینیڈا میں بیٹھے طاہرالقادری برساتی مینڈک ہیں جو موسم سے پہلے ہی باہر نکل آئے ہیں‘ صحافیوں سے بات چیت

اتوار 4 مئی 2014 07:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت ہے کہ بجلی چور کو نہیں چھوڑنا اور ہم ان کی ہدایت پر چل رہے ہیں، پتہ نہیں عمران خان کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں انہیں الیکشن لڑنا آتا ہے اور نہ ہی الیکشن کی سمجھ ہے‘ تحریک انصاف والے اور کینیڈا میں بیٹھے طاہرالقادری برساتی مینڈک ہیں جو موسم سے پہلے ہی باہر نکل آئے ہیں‘ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو بجلی چوری کرے گا اسے نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ہدایت ہے کہ بجلی چوروں کو نہیں چھوڑنا اور انہی کی ہدایت پر چل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حکومت نے پانچ دن میں 3.3 ارب کی وصولیاں کی ہیں اور جتنا کام دس ماہ میں ہماری حکومت نے کیا ہے اتنا گذشتہ بارہ برسوں میں بھی نہیں ہوا۔ بجلی چوروں کیخلاف قانون سازی کی جارہی ہے۔

اب بجلی چوروں کیخلاف کیس بھی بنیں گے اور وہ جیلوں میں بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے گورنمنٹ کے نادہندہ اداروں کیخلاف بھی کارروائی کی ہے اور بجلی چوروں میں اگر کوئی وزارت پانی و بجلی کا افسر بھی ملوث ہوا تو اسے بھی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے 1320 میگاواٹ کے منصوبے لگا رہے ہیں۔ سندھیوں‘ پنجابیوں اور پختونوں کو چور کبھی نہیں کہا۔

کسی کو بھی قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے اور ان کیخلاف سخت کارروائی کریں گے۔عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی خیبر پختونخواہ میں کارکردگی صفر ہے۔ وہ کے پی کے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ وہ احتجاجی دھرنے دینے کی بجائے اپنے حلقے کے عوام کے مسائل سنیں۔ وہ کبھی چیف جسٹس پر دھاندلی کا الزام لگاتے ہیں کبھی کسی پر‘ پتہ نہیں وہ کس کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔

انہیں الیکشن لڑنا آتا ہے اور نہ ہی انہیں الیکشن کی سمجھ ہے۔ تحریک انصاف والے اور طاہرالقادری جوکہ کینیڈا میں بیٹھے ہیں وہ برساتی مینڈک ہیں اور برسات کے موسم سے پہلے ہی باہر نکل آئے ہیں‘ موسم تھمتے ہی یہ بھی تھم جائیں گے۔ انتخابات کے دن شام ہوتے ہی نتائج آگئے تھے۔ نتائج پر عمران خان کے پولنگ ایجنٹوں کے دستخط موجود تھے۔ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری آرہی ہے اور معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے۔ انہیں چاہئے کہ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری آنے دیں۔ وہ دراصل میاں نواز شریف کی کارکردگی سے خوفزدہ ہیں۔