پاکستان معیشت کے لحاظ سے دنیا کی بڑی معیشت میں تبدیل ہو رہا ہے، سینیٹر پرویز رشید ،صدر پاکستان، وزیراعظم اور آرمی چیف نے ایک ہی زبان میں کہا ہے کہ آزادی صحافت اور صحافیوں کی حب الوطنی کو قدر کی نظر سے دیکھتے ہیں لہٰذا اس کے بعد کسی کو کوئی ڈر یا خطرہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ پاکستانیوں نے جو حاصل کرلیا ہے اسے اب چھینا نہیں جا سکتا جو ملا سب کو ملا ہے،حکومت اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری بار کمی کر کے ہیٹرک قائم کر یگی، خواتین صحافی کنونشن سے خطاب

ہفتہ 3 مئی 2014 07:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3مئی۔2014ء)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے واضح کیا ہے کہ صدر پاکستان، وزیراعظم اور آرمی چیف نے ایک ہی زبان میں کہا ہے کہ آزادی صحافت اور صحافیوں کی حب الوطنی کو قدر کی نظر سے دیکھتے ہیں لہٰذا اس کے بعد کسی کو کوئی ڈر یا خطرہ نہیں ہونا چاہیے کیونکہ پاکستانیوں نے جو حاصل کرلیا ہے اسے اب چھینا نہیں جا سکتا جو ملا سب کو ملا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی روپیہ دن بدن ڈالر کے مقابلے میں طاقتور ہوتا جا رہا ہے جو معیشت، ملک اور ملک میں رہنے والے عوام کے مضبوط ہونے کی ضمانت ہے، حکومت اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری بار کمی کر کے ہیٹرک قائم کر یگی، وہ گزشتہ روز عورت فاؤنڈیشن کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں خواتین صحافی کنونشن سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر سینئر صحافی جگنو محسن، لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں خواتین صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے مشترکہ اعلامیہ بھی پیش کیا گیا، سینیٹر پرویز رشید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کو پاسکتان کا بہتر مستقبل نظر آ رہا ہے وال اسٹریٹ جرنل نے لکھا کہ پاکستان معیشت کے لحاظ سے دنیا کی بڑی معیشت میں تبدیل ہو رہا ہے، پاکستان کے بہتر مستقبل کے پیش نظر آج چین پاکستان میں 35 بلین ڈالرز سے انفراسٹرکچر تعمیر کرنا چاہتا ہے جبکہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک ایک بلین ڈالر بجلی پاور پلانٹ جامشورو میں لگانا چاہتا ہے نندی پور پاور پراجیکٹ ناسور بن چکا تھا لیکن اس کو چند مہینوں میں مکمل کیا گیا اور اسی مہینے افتتاح ہے، انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کی بناء پر ٹیکسٹائل ایکسپورٹ حدف چند مہینوں میں 7فیصد بڑھ گئی ہے جبکہ فیڈرل ریونیو میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے آئندہ بجٹ کیلئے کم قرضے لینا پڑیں گے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صحافی برادری کے مطالبات دراصل حکومت کے اپنے مطالبات بھی ہیں، سیفٹی آف جرنلسٹ بڑی اہمیت کا حامل ایشو ہے جس کے لیے وزیراعظم نے کمیٹی بنائی ہے، انہوں نے کہا کہ جس طرح دفاعی اداروں یا سرکاری ملازمین کو انشورنس کا حق حاصل ہے اس میں صحافیوں کو بھی شامل کرلیا گیا ہے اب ہر ادارے پر لازم ہو گا کہ وہ انشورنس کیلئے اپنا پریمیم ادا کرے اور حکومت اپنا پریمیم ادا کرے گی، حادثے کی صورت میں جس طرح دفاعی اداروں کے ملازمین کو مالی امداد یا علاج معالجہ کا حق حاصل ہے اسی طرح صحافیوں کو بھی اب یہ حق حاصل ہو گا انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے سیکرٹ فنڈ کو ختم کر کے رقم کو انڈوومنٹ فنڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جس کی آمدنی کو مستحق صحافیوں کی فلاح وبہبود پر خرچ کیا جائے گا ویج بورڈ اور آئی ٹی این ای کے چیئرمینوں کے نام چن لیے گئے ہیں وزیراعظم اپنے دورے سے پاکستان آتے ہی ان ناموں کا اعلان کریں گے، اسی طرح وزیراعظم کی ہدایت پر پی آئی ڈی میں صحافیوں کے فوری مسائل کے حل کیلئے فون ہاٹ لائن قائم کردی گئی ہے وزیراعظم نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ حادثات کی صورت میں صحافیوں کے مقدمات حل ہونے میں بڑی دیر ہو جاتی ہے لہٰذا اس کے لیے صحافیوں کے سپیشل پراسیکیوٹرز مقدمات لڑیں گے، سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ حکومت پنجاب تو خواتین کیلئے پہلے ہی قانون بنا چکی ہے کہ خواتین کی تین مہینوں کی میٹرنٹی لیو کے ساتھ ان کے خاوند کو بھی تین مہینے کی چھٹیاں دی جائیں گی اسی طرح ڈے کیئر سنٹرز کا بھی حکومت پنجاب نے قانون نے بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ یہ سہولتیں کسی پر احسان نہیں بلکہ ہماری تہذیب ومعاشرے کا حصہ ہیں۔