امریکہ کیساتھ ملٹری اور انٹیلی جنس تعاون جاری ہے، جلیل عباس جیلانی ، اگلے ماہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک اور ورلڈ بنک سے پیسے ملنے کی امید ہے، ساتھ ہی ساتھ کولیشن سپورٹ فنڈ کی اگلی قسط بھی ملنے کی توقع ہے، نجی ٹی وی سے گفتگو

بدھ 30 اپریل 2014 02:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)امریکا میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین ملٹری ٹو ملٹری اور انٹیلی جنس ٹو انٹیلی جنس تعاون احسن طریقے سے چل رہا ہے ، خاص طور پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا پاکستان میں جب بھی فیصلہ کیا گیا۔واشنگٹن میں ایک عشائیے میں شرکت کے بعد ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان پاک افغان سرحد کی نگرانی کے حوالے سے یہ تعاون مزید موثر اور مثبت انداز سے جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں انتخابات پر پاکستان کا واضح موقف تھا کہ کسی بھی قسم کی دخل اندازی نہیں ہو گی اور ساری دنیا بشمول امریکا نے اس بات کو نہ صرف بے حد سراہا ہے بلکہ پاکستان کے کردار کی تعریف بھی کی گئی ہے۔جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ پاکستان کو اگلے ماہ ایشین ڈیولپمنٹ بنک اور ورلڈ بنک سے پیسے ملنے کی امید ہے، ساتھ ہی ساتھ کولیشن سپورٹ فنڈ کی اگلی قسط بھی ملنے کی توقع ہے۔ پاکستانی سفیر کے مطابق سی ایس ایف کی یہ رقم اگلے چند روز میں منتقل کر دی جائے گی، جو تقریباً ساڑھے تین سو ملین کے قریب بنتی ہے۔

متعلقہ عنوان :