موسم گرما میں بجلی نہ ہونے کی وجہ وزارت پانی و بجلی ہے ، بلاول بھٹو ،وزیراعظم عوام کی مشکلات ختم کرائیں ، سندھ کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، بیان ،سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی کا صوبے میں غیراعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج

بدھ 30 اپریل 2014 02:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزارت پانی و بجلی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرم موسم میں بجلی نہ ہونے کی وجہ وزارت پانی و بجلی ہے ، وزیراعظم عوام کی مشکلات ختم کرائیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے حالانکہ توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں سندھ اہم کردار ادا کررہا ہے انہوں نے کہا کہ گرم موسم میں بجلی نہ ہونے کی وجہ وزارت پانی و بجلی ہے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف عوام کی مشکلات ختم کرائیں ۔

ادھرسندھ اسمبلی میں منگل کے روز پیپلزپارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان اسمبلی نے صوبے میں غیراعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی کے ارکان نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام سے ہونے والی زیادتی پر وفاقی حکومت سے احتجاج کیا جائے بصورت دیگر صوبے بھرمیں دھرنے دیے جائیں گے۔ پیپلزپارٹی کے نوازچانڈیواورمتحدہ قومی موومنٹ کے محمد حسین اور دیگر ارکان نے سندھ میں طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ پراحتجاج کرتے ہوئے اسے وفاقی حکومت کا سندھ سے انتقام قراردیا، ارکان نے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت وفاق سے احتجاج کرے اورسندھ کواس کے حصہ کی بجلی دلائے۔

ارکان نے کہا کہ اگرلوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو دھرنے دیں گے ۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر عرفان اللہ مروت نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شہبازشریف کی طرح لوڈشیڈنگ کے خلاف جلوس نکالیں ہم ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھنے والوں کو پتہ چلے کہ لوڈ شیڈنگ کیا ہے۔

اس پر سینئروزیر تعلیم نثاراحمدکھوڑو نے اس سے استفسارکیا کہ کب جلوس نکالیں، ابھی چلیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رکن محمد حسین نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کراچی میں پانی کا بحران بھی شدت اختیار کرگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے غلط اقدامات کی وجہ سے بدنامی سندھ حکومت کی ہورہی ہے۔ ایوان میں اس معاملے پر صورتحال کشیدہ ہونے پرڈپٹی اسپیکرشہلا رضا نے مداخلت کی۔ اس موقع پر انہوں نے مائیک آپریٹرکوبغیراجازت مائیک کھولنے سے روک دیا اور رولنگ دی کہ کسی بھی رکن کا مائیک بنا اجازت نہ کھولا جائے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کشیدہ ہوتی ہوئی صورتحال کو کنٹرول کیا اس موقع پر ارکان کے بے قابو ہونے پر انہوں نے اجلاس کل تک ملتوی کرنے کی بھی وارننگ دی۔