سپریم کورٹ کاسابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس میں ملزم کی عدم گرفتاری پربرہمی کااظہار ،ایس ایس پی لاجسٹسک اسلام آباد ساجدکیانی کو آج عدالت طلب ،مفرور ملزم روح اللہ کی جائیداد سے متعلق خیبر پختون خواہ حکومت کو قانون کے مطابق کاروائی اور ایڈووکیٹ جنرل کو پندرہ روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت، سردار خان قتل کیس میں نامزد ملزم روح اللہ کی گرفتاری کے لیے پاکستان میں افغان اور افغانستان میں پاکستانی سفیر سے رابطے میں ہیں تاہم ابھی تک ملزم کی نئی رہائش کا معلوم نہیں ہو سکا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل

بدھ 30 اپریل 2014 02:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء)سپریم کورٹ نے سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس میں ملزم کی عدم گرفتاری پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی لاجسٹسک اسلام آباد ساجدکیانی کو آج (بدھ)کوعدالت طلب کیا ہے جبکہ مفرور ملزم روح اللہ کی جائیداد سے متعلق خیبر پختون خواہ حکومت کو قانون کے مطابق کاروائی اور ایڈووکیٹ جنرل کو پندرہ روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل خواجہ سعیدالرحمن نے عدالت کو بتایا کہ سردار خان قتل کیس میں نامزد ملزم روح اللہ کی گرفتاری کے لیے پاکستان میں افغان اور افغانستان میں پاکستانی سفیر سے رابطے میں ہیں تاہم ابھی تک ملزم کی نئی رہائش کا معلوم نہیں ہو سکاانھوں نے یہ رپورٹ منگل کوچیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق اٹارنی جنرل سردار خان قتل کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا ایڈیشنل اٹارنی جنرل خواجہ سعیدالرحمن نے عدالت کو بتایا کہ سردار خان قتل کیس میں ملزم کی پاکستان میں جائیداد کی نیلامی میں کسی پارٹی نے پیشکش جمع نہیں کرائی اب یہ جائیداد قانون کے مطابق سرکاری تحویل میں چلی جائے گی ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت ملزم کی جانب سے درآمد کردہ اسلحہ جو اس وقت کراچی پورٹ پر پڑاہے اور جسے خریدنے میں کسی پارٹی نے دلچسپی نہیں لی کوضبط کر کے اسلام آباد پولیس میں تقسیم کرنے کا حکم جاری کرے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ یہ کام حکومت کا ہے وہ خود اپنا کام کرے ۔

(جاری ہے)

مقتول کے بیٹے محمد ابرار خان نے عدالت سے درخواست کی کہ اس کیس کی تفتیش کرنے والی سابقہ پولیس تحقیقاتی ٹیم جو غیر فعال کر دی گئی ہے کو تفتیش کرنے کا حکم دیا جائے کیونکہ وہ ٹیم ہی تھی جس نے ملزم روح اللہ کا افغانستان میں موجودگی کا پتہ چلایا تھا ۔عدالت کے استفسار پر انہوں نے بتایا کہ مذکورہ ٹیم کی قیادت موجودہ ایس ایس پی لاجسٹک ساجد کیانی کر رہے تھے جس پر عدالت نے ساجد کیانی کو آج عدالت میں پیش ہونے اور مذکورہ کیس کی اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی جبکہ ملزم روح اللہ کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختون خواہ کو پندرہ روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔

عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کے پی کے سے ملزم روح اللہ کی جائیداد کی نیلامی سے متعلق رپورٹ پندرہ روز میں طلب کر لی ۔