نریندر مودی کا بیان انتہائی غیر ذمہ دار اور شرمناک ہے وہ مسلمان اور پاکستان دشمن میں حد سے آگے نکل گئے ہیں، چودھری نثار،لگتا ہے انہوں نے بطور وزیر اعلی گجرات جو بدنامی کمائی ہے اس سے کوئی نہیں سیکھا،مودی کی طرف سے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی دھمکی دیوانے کے خواب کے سوا کچھ نہیں،پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے،بیان

بدھ 30 اپریل 2014 02:32

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30اپریل۔2014ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ہندوستان کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی کے بیان کو انتہائی غیر ذمہ دار اور شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی مسلمان اور پاکستان دشمن میں حد سے آگے نکل گئے ہیں اور لگتا یہ ہے کہ انہوں نے بطور وزیر اعلی گجرات جو بدنامی کمائی ہے اس سے کوئی نہیں سیکھا،مودی کی طرف سے پاکستان پر حملہ آور ہونے کی دھمکی دیوانے کے خواب کے سوا کچھ نہیں،پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں کو کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان کی سیاسی قیادت، عوام اور افواج پاکستان اس قسم کی دھمکیوں کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں،نریندر مودی پہلے یہ طے کر لیں کہ داوٴد ابراہیم ہے کہاں اور اس کے بعد کوئی بیان دیں۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ دنوں بھارت کی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزارت عظمی کے امیدوار اور سابق وزیر اعلی گجرات نریندر مودی کی طرف سے دیئے گئے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا ہے کہ نریندر مودی کی طرف سے داوٴد ابراہیم کی پاکستان میں موجودگی اور پاکستان پر حملہ کر کے داوٴد ابراہیم کو گرفتار کر کے لے جانے کا بیان انتہائی مضحکہ خیز،غیر ذمہ دارانہ اور شرمناک ہے، نریندر مودی پہلے یہ طے کر لیں کہ داوٴد ابراہم کا ٹھکا نہ کہاں ہے اور وہ کہاں قیام پذیر ہے اس کے بعد اس قسم کے بیان دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نریندر مودی کی بڑھکیں بھارت میں سستی شہرت کے لئے تو ان کام آسکتی ہیں مگر پاکستان ایسی بڑھکوں اور غیر سنجیدہ بیانات سے مرعوب ہونے والا نہیں،لگتا یہ ہے کہ نریندر مودی سے اس سے قبل بطور وزیر اعلی گجرات جو بدنامی کمائی ہے اس سے ذرا بھی سبق نہیں سیکھا ہے اور ان کے بیان یہ واضح کر رہے ہیں کہ نریندر مودی پاکستان اور مسلمان دشمنی میں حد سے آگے نکل گئے ہیں، مودی اگر ہندوستان کے وزیر اعظم بن گئے تو خطہ نہ جانے کس قسم کے عدم استحکام کا شکار ہو سکتا ہے۔

اپنے ردعملی بیان میں چودھری نثار علی خان نے مزید کہا ہے کہ نریندر مودی کا بیان پاکستان اور مسلمان دشمنی کی آخری حدوں کو چھو رہا ہے تاہم مودی کی پاکستان پر حملے کی دھمکی دیوانے کے خواب سے زیادہ کچھ نہیں مگر نریندر مودی اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ پاکستان کی طرف سے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے، پاکستان کی سیاسی قیادت،محب وطن عوام اور بہادر افواج دشمن کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ان کی موجودگی میں مملکت پاکستان کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔اگر سرحد کی دوسری طرف سے اس قسم کے بیانات سامنے آئیں گے تو پاکستان بھی لحاط نہیں کرے گا اور اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :