وزیر اعلی پنجاب کی چین اورسعودی عرب کے سفیر وں سے ملاقاتیں،باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال،پاک چین دوستی معاشی تعاون کے سودمند روابط میں بدل گئی ہے،چینی پیکیج پر فاسٹ ٹریک عملدرآمد کرینگے، شہباز شریف،چین کے تاریخی اقدامات پاکستانی عوام کے مسائل خصوصا توانائی بحران کے حل میں مدد گار ثابت ہونگے،32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر صرف کریں گے،سعودی عرب وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط ،مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتاہے،سعودی سفیر کی وزیر اعلیٰ سے گفتگو

پیر 28 اپریل 2014 08:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28اپریل۔ 2014ء)وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ ن اور چین میں موجودہ قیادت کے دور اقتدار کے دوران پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے مابین اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے اورپاک چین دوستی معاشی اور اقتصادی تعاون کے سودمند روابط میں بدل گئی ہے۔چین کی حکومت اورلیڈر شپ نے پاکستان کے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت پر جس بھرپور اعتماد کااظہار کیاہے ،اس پر پاکستانی قوم چین کی قیادت کی شکرگزار ہے۔

چین کی جانب سے پاکستان میں تواناائی ،ٹرانسپورٹ اورانفراسٹرکچر کے شعبوں میں بھرپور تعاون اورسرمایہ کاری کا فائدہ براہ راست پاکستانی عوام کو پہنچے گا۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر سان ویڈانگ SUN Weidongسے ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورسرمایہ کاری پیکیج پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کی لازوال دوستی پر اہل پاکستان کو فخر ہے جو آزمائش کے ہر معیار پر ہمیشہ پوری اتری ہے ، چین کی طرف سے 32 ارب ڈالر کی ریکارڈ سرمایہ کاری ، دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون میں اضافے کے اقدامات خوش آئند اور پاکستانی عوام کے لئے تحفہ ہیں اوریہ تاریخی اقدامات پاکستان کے عوام کے مسائل خصوصا توانائی بحران کے حل میں مدد گار ثابت ہونگے۔

32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج کی ایک ایک پائی عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر صرف کریں گے۔توانائی کے شعبہ میں چین کا پاکستان کے ساتھ بے پایاں تعاون پاکستانی عوام کے ساتھ والہانہ محبت کا ثبوت ہے۔ پنجاب حکومت نے چین کے تعاون سے شروع کیے جانے والے منصوبوں پر عملدر آمد کیلئے فاسٹ ٹریک پالیسی اپنائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان کوششوں سے پاکستان میں جہاں چین کے لئے سرمایہ کاری کے نئے پرکشش مواقع پیدا ہوئے ہیں وہاں پاکستان کے عوام کے لئے روزگار اور تجارت کے نئے در کھل رہے ہیں۔

چین کی ہمہ جہت ترقی قابل رشک ہے اورپاکستان چین کی فنی مہارت کا بھرپور فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ دونوں ملکوں میں دیرپا دوستانہ رشتے وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط تر اور نئے عہد میں داخل ہو رہے ہیں جو دنیا کے لئے ایک مثال ہیں۔ پاکستان نے چین سے ترقی اور خوشحالی کا سبق سیکھ لیا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لانے کے لئے عزم و استقلال اور جہد مسلسل کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور بہت جلد توانائی سمیت ملک و قوم کو درپیش دیگر مشکلات پر قابو پا لیا جائے گا ۔

وزیر اعلی نے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری اور عوامی جمہوریہ چین کی طرف سے پاکستان میں معاشی استحکام کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ چین نے پاکستان سے اپنی دوستی کا حق ادا کیا ہے اور مالی اور فنی امداد اور تعاون کے ساتھ ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں جن سے قومی معیشت مضبوط بنیادوں پراستوار ہو رہی ہے۔

ملاقات کے دوران چین کے سفیر نے بھی پاکستان کی قیادت اور عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ چین کے صدر اور وزیر اعظم پاکستانی وزیر اعظم پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں اورانہیں انتہائی احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا حالیہ برسوں میں پاک چین دوستی کو مستحکم کرنے کے لئے بہت زیادہ کنٹری بیوشن ہے اورچینی قیادت وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی محنت اور عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

چین کے سفیر نے کمیونسٹ پارٹی چائنہ کی جانب سے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز صالح الغدیرDr Abdul AzizSaleh Al-Ghadeer سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی کی بنیاد لازوال تاریخی اور روحانی رشتوں پر استوار ہے -پاکستانی عوام اپنے سعودی بھائیوں کی دوستی پر فخر کرتے ہیں ۔

عوام سعودی عرب سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔اس موقع پر سعودی عرب کے سفیر نے کہا کہ سعودی عرب وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایک مضبوط ،مستحکم اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتاہے اور اس مقصد کیلئے دو طرفہ تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے سعودی حکومت کی طرف سے پاکستان کے عوام کی خوشحالی کے لئے ہر ممکن تعاون کایقین دلایا۔