بھارتی انتہا پسند ہندو تنظیم شیوسینا کے پاکستان مخالف عزائم کھل کر سامنے آگئے،نریندرا مودی اقتدار میں آگئے تو پاکستان کو 6 ماہ کے اندر تباہ کردیں گے‘ شیو سینا کی دھمکی،مودی کی حمایت کی بجائے پاکستا ن جانے کو ترجیح دونگا ، عمر عبداللہ

بدھ 23 اپریل 2014 08:20

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء) انتہاء پسند ہندو تنظیم نے کہا ہے کہ اگر بی جے پی کے رہنماء نریندرا مودی اقتدار میں آگئے تو وہ پاکستان کو چھ ماہ میں تباہ کردیں گے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شیوسینا کے راہنماء رامدیس کادام نے کہا ہے کہ نریندرا مودی پاکستان کو صرف چھ ماہ کے اندر تباہ کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کبھی مہاراشٹر میں مسلمان کسی ظلم کیخلاف مظاہر ہ کی کوشش بھی کرتے تو نریندرا مودی انہیں یقیناً سبق سکھاتے۔ دریں اثناء بی جے پی کی جانب سے ٹویٹر پیغامات میں شیوسینا اور ویشوا ہندوپریشد کے بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے پراپیگنڈے کی نئی چال قرار دیا ہے۔ادھرمقبوضہ کشمیر کے وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حمایت کی بجائے پاکستان ہجرت کرنے کو ترجیح دونگا ۔

(جاری ہے)

پریناگ اور کوکرناگ میں عوامی ریلی سے خطاب کے دوران عمر عبداللہ نے بی جے پی کے رہنما گیرجیراج سنگھ کے حالیہ بیان پر ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا یہ کہنا ہے کہ مودی کے مخالفین کو پاکستان چلے جانا چاہیے میری طرف سے اس کی شکر گزاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یقیناً میں بی جے پی کی حمایت کی بجائے یہاں سے براہ راست سرینگر مظفر آباد بس سروس کے ذریعے پاکستان جانے کو ترجیح دونگا ۔

انہوں نے کہا کہ میں سرینگر مظفر آباد بس سروس کا شکر گزار ہوں کہ اس کی وجہ سے مجھے اب نئی دہلی کا راستہ بھی استعمال نہیں کرنا پڑیگا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات کسی اسمبلی رکن کے انتخابات کیلئے نہیں بلکہ وزیراعظم کو منتخب کرنے کیلئے ہورہے ہیں اور میں ان انتخابات کے بعد کشمیری عوام کے مسائل حکومت کے سامنے نئے انداز سے پیش کرونگا ۔