نظام میں تبدیلیاں نہ لائی گئیں توملک بھرمیں خونی انقلاب کو آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا،شہبازشریف، ہمیں چاہیے کہ ہم خود احتسابی کا ایک ایسا نظام رائج کریں تاکہ مجوزہ خونی انقلاب کوروکا جاسکے ،شیخ زیدمیڈیکل کالج کے کانوووکیشن کی تقریب سے خطاب

بدھ 23 اپریل 2014 08:18

رحیم یارخان( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23اپریل۔2014ء )وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہاہے کہ اگرفوری طور پرجاری نظام میں انقلابی تبدیلیاں نہ لائی گئیں توملک بھرمیں خونی انقلاب کو آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم خود احتسابی کا ایک ایسا نظام رائج کریں تاکہ مجوزہ خونی انقلاب کوروکا جاسکے گزشتہ روزشیخ زیدمیڈیکل کالج کے کانوووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ موجودہ نظام میں غریب اور امیرکے درمیان خلیج اتنی وسیع ہوگئی ہے کہ اسے فوری طور پر کم کرنا چاہیے تاکہ معاشرے میں سدھار آسکے۔

انہوں نے ڈاکٹروں پر زوردیا کہ وہ تعلیمی میدان میں توگولڈمیڈل وسلورمیڈل لے چکے ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ وہ مریضوں کی جلدصحت یابی کے لیے اپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ لاکھوں کروڑوں مریض ان سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے رحیم یارخان اورپاکستان کے دیگرشہروں میں بہترین طبی سہولتوں اورمیڈیکل کی تعلیم کے لیے ہسپتال اورکالج قائم کرنے پرشیخ زیدبن مرحوم کوخراج عقیدت اورمتحدہ عرب امارات کے صدرشیخ خلیفہ بن زیدکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہارکیا کہ پاکستان سے ان کی دوستی کا تسلسل مستقبل میں بھی جاری رہے گا انہوں نے والدین پر زوردیاکہ وہ بچوں کی تعلیم پرزیادہ سے زیادہ خرچ کریں اورانہیں بہترین تعلیم دلوائیں کیونکہ یہی ان کی بہترین سرمایہ کاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ چند سال قبل آنے والے سیلاب کے دوران ترکی نے پاکستان کودوسوملین ڈالرکی امداد دی تھی جبکہ ترکی نے مظفرگڑھ میں علاقے کے لوگوں کے ایک بہترین ہسپتال بھی تعمیرکروایا ہے اس لیے صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں فلاحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ہمارے معاشرے میں مثبت رجہانات سامنے آسکیں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے شیخ زیدمیڈیکل کالج وہسپتال کے پرنسپل پروفیسرڈاکٹرمحمدسعید نے وزیراعلیٰ کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ شیخ زیدمیڈیکل کالج و ہسپتال رحیم یارخان جنوبی پنجاب میں ناصرف پنجاب بلکہ سندھ اوربوچستان کے شہریوں کو بھی بہترین طبی خدمات فراہم کررہا ہے انہوں نے بتایا کہ یہاں تقریباً روزانہ 3ہزار500مریضوں کو طبی سہولیتں مہیاکی جاتی ہیں اوریہاں کچھ عرصہ قبل قائم ہونے والے کارڈیالوجی وارڈ میں نہایت کم عرصہ میں 4ہزارانجیوگرافی اور پانچ سے زائد اینجیوپلاسٹی کی جاچکی ہے اوراس کارڈیالوجی وارڈ کا سی سی یو وارڈبہترین طبی سہولتوں کاحامل ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ سے کہاکہ سیلف فنانس سکیم ختم ہونے کے باعث کالج انتہائی مالی دشواریوں کا شکار ہے اگرفوری طور پر کالج کو6کروڑروپے کی گرانٹ نہ دی گئی توکالج معاشی بحران کا شکارہوسکتا ہے قبل ازیں وزیراعلیٰ نے تین سو سے زائد ڈاکٹروں کوگولڈ، سلوراوربراؤنزمیڈل پہنائے جبکہ تین طالب علموں نے سترہ سترہ میڈل حاصل کیے جن کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب نے خصوصی تالیاں بجائیں۔ تقریب میں صوبائی مشیرصحت سلمان رفیق، ایم این ایز،ایم پی ایزصوبائی وزراء اور شہریوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔