وسط ایشیائی ریاستوں کا تجارت کیلئے پاکستانی بندرگاہیں استعمال کرنے پر اتفاق ، کرغزستان سے اسلام آباد کیلئے براہ راست فضائی سروس بھی شروع کی جائے گی،وسط ایشیائی بزنس تعاون کانفرنس کا اعلامیہ،وسط ایشیائی ممالک و پاکستان ایک دوسرے ملکوں میں بینک و مالیاتی ادارے قائم کریں گے،پاکستان افغانستان ،کرغستان کا مشترکہ اعلامیہ

جمعہ 18 اپریل 2014 06:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18اپریل۔ 2014ء)وسط ایشیائی ریاستوں کا تجارت کیلئے پاکستانی بندرگاہیں استعمال کرنے پر اتفاق ہو گیا ہے، جبکہ کرغزستان سے اسلام آباد کیلئے براہ راست فضائی سروس بھی شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد میں ہونیوالی تین روزہ سینٹرل ایشیائی بزنس تعاون کانفرنس کے اختتام پرجاری کردہ مشترکہ اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں شریک ممالک نے تجارت کے حوالے سے 16 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جن میں زراعت، صنعتی سامان، آٹو انڈسڑی، سبزیوں اور فروٹ سے متعلق ایم او یوز شامل ہیں۔

کانفرنس میں تجارت کے طویل المدتی اور پائیدار منصوبے بنانے خوراک، چمڑے اور ادویات کی تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ کانفرنس میں اتفاق کیا گیا کہ سینٹرل ایشیائی ممالک اور پاکستان ایک دوسرے ملکوں میں بینک اور مالیاتی ادارے قائم کریں گے۔ تجارت کے لیے پاکستانی بندرگاہیں استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ کا نفرنس میں طے پایا کہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس دسمبر 2014ء میں کرغزستان میں تجارتی نمائش لگائے گی، کانفرنس میں پاکستان افغانستان اور کرغستان نے شرکت کی۔