فیڈرل لاجز کے ذمہ واپڈا کے پونے دو کروڑ روپے واجب الادا ہیں ، بجلی اب کسی کو مفت فراہم نہیں کی جائے گی ،عابد شیر علی خان،90 فیصد سے زائد لائن لاسز والے فیڈر کو منقطع کیا جائیگا، بجلی آرڈیننس چوری کا اطلاق پورے ملک میں ہوگا اس کا فوکس کوئی صوبہ نہیں ہوگا،۔ماضی میں جو معاہدے کئے گئے تھے وہ 24 روپے فی یونٹ تھے ، ہمارے معاہدے 16 روپے فی یونٹ ہیں ۔ان معاہدوں کے تحت فرنس آئل بھی وہ کمپنیاں خود ادا کریں گی ۔وزیر اعظم کی ہدایت پر پورے ملک میں بجلی چوروں کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے ، اس بار لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی،ملتان میں صحافیوں سے گفتگو

بدھ 16 اپریل 2014 06:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19اپریل۔2014ء)وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی خان نے کہا ہے کہ فیڈرل لاجز کے ذمہ واپڈا کے پونے دو کروڑ روپے واجب الادا ہیں اور بجلی اب کسی کو مفت فراہم نہیں کی جائے گی ۔صحافیوں سے گفتگو کے دوران عابد شیر نے کہا کہ 90 فیصد سے زائد لائن لاسز والے فیڈر کو منقطع کیا جائیگا اور بجلی آرڈیننس چوری کا اطلاق پورے ملک میں ہوگا اس کا فوکس کوئی صوبہ نہیں ہوگا۔

عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے باعث واپڈا کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے اور اس حوالے سے تمام نادہندگان کوپیسے لینے کے لئے نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل لاجز کے ذمہ واپڈا کے پونے دو کروڑ روپے واجب الادا ہیں اور اب مفت میں کسی کو بھی بجلی فراہم نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

عابد شیر کا کہنا تھا کہ چیف ایگزیکٹو کو ہدایت کردی ہے کہ جن فیڈر سے لائن لاسز آرہے ہیں ان کو منقطع کیا جائیگا کیونکہ جب بجلی چوری کی جاتی ہے تو اس دوران بجلی چوری کرنے والے کے نتائج بھی بل ادا کرنے والے کوبھگتنا پڑتے ہیں،اب ایسا نہیں ہوگا۔

ہمارے دور میں کوئی رینل پاور نہیں بنے گا ۔میرے نام پر کسی نے کرپشن کی ہے تو ثابت ہوگئی تو پھر اس کا انجام برا ہوگا۔پرائیویٹ انڈسٹری سے بجلی لینے کے معاہدے کریں گے اس سے ملک کی عوام کو فائدہ ہوگا۔ماضی میں راجہ رینٹل نے جو معاہدے کئے تھے وہ 24 روپے فی یونٹ تھے جبکہ ہمارے معاہدے 16 فی یونٹ ہیں ۔ان معاہدوں کے تحت فرنس آئل بھی وہ کمپنیاں خود ادا کریں گی ۔

وزیر اعظم کی ہدایت پر پورے ملک میں بجلی چوروں کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے ۔ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور رحیم یار خان کے علاقے میں بجلی چوری ہوئی ہے جس پر ہم نے ڈیرہ غازی خان کے ایکسین خدا بخش اور ایکسین موسی پاک ڈویژن کو معطل کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں بجلی چوری ہوگی وہاں پر ٹرانسفارمر کو اتار رہے ہیں ۔میری عدالتوں سے درخواست ہے کہ وہ ہماری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ان کو حکم امتناعی نہ دے۔

سی ڈی اے سے 2 ارب 24کروڑ ،فیڈرل لاجز سے پونے دو کروڑ اور چکلالہ کینٹ بورڈ سے 28 کروڑ ،مری پی ایم اے سے55 لاکھ روپے لینے ہیں۔چوری کی روک تھام صرف ایک صوبے سے نہیں پورے ملک میں کررہے ہیں۔ انہوں نے مظفر گڑھ پاور پلانٹ میں تیل کم آنے اور تیل میں ملاوٹ کئے جانے بارے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اس سلسلے میں انکوائریاں ہو رہی ہیں اور متعلقہ لوگوں کو جلد سزا ملے گی ۔

عابد شیر علی نے کہا کہ میپکو ملتان میں سابق چیف ایگزیکٹو کے دور میں میپکو کے 28 کروڑ روپے ،میپکو افسران ملی بھگت سے خرد برد کئے جانے بارے دستاویزی ثبوت حاصل کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات دیئے ہیں۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ خیبر پختونخواہ میں 13 فیڈر ایسے ہیں جن کو بند کرنے جارہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں رانا ثناء اللہ کی کوئی بات کا کوئی جواب نہیں دوں گا وہ بہکی بہکی باتیں کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس بار لوڈشیڈنگ میں کمی ہوگی اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تاجروں کا تعاون چاہتے ہیں اور مارکیٹیں غروب آفتاب تک بند کرا دیں۔ ۔میری تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست ہے کہ وہ صوبائی تعصب کو پروان نہ چڑھائیں بلکہ ملکی مفاد کو مدنظر رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم پرائیویٹ بجلی فراہم کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتے ہیں۔ بورڈ آف ڈائریکٹروں کو میرٹ پر لگائیں گے ۔ماضی میں کرپشن ہوتی رہی ہے اب ایسا نہیں ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے نام پر کسی نے کرپشن کی ہے تو میں اس کو نہیں چھوڑوں گا۔