اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے لئے سرکاری بلیو پاسپورٹس کی قرار داد سپیکر کانفرنس میں منظور ،18 ویں ترمیم کے بعد اراکین صوبائی و قومی اسمبلی و سینیٹر زسرکاری پاسپورٹ کے مستحق ہیں ۔قرار داد کا متن،سرکاری پاسپورٹ کے علاوہ تنخواہوں اورمزید مراعات کے مطالبات منظور نہ ہو سکے، ملک کی معاشی صورت حال کے باعث بجٹ میں گنجائش نہیں کہ اراکین کی تنخواہیں بڑھائی جا سکیں۔سپیکر قومی اسمبلی کا اراکین کو جواب،سپیکرز کانفرنس کا اختتامی سیشن آج ہوگا ،اعلامیہ اسلام آباد جاری ہوگا

منگل 15 اپریل 2014 06:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔15اپریل۔2014ء)اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کے لئے سرکاری بلیو پاسپورٹس کی قرار داد سپیکر کانفرنس میں منظور کر لی گئی۔18 ویں ترمیم کے بعد اراکین صوبائی و قومی اسمبلی و سینیٹر سرکاری پاسپورٹ کے مستحق ہیں ۔قرار داد کا متن۔سرکاری پاسپورٹ کے علاوہ تنخواہوں اورمزید مراعات کے مطالبات منظور نہ ہو سکے ۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی صورت حال کے باعث بجٹ میں گنجائش نہیں کہ اراکین کی تنخواہیں بڑھائی جا سکیں۔

اراکین کو جواب۔قومی اسمبلی میں تین روزہ سپیکر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں ملک میں اب تک کی تمام سابق اسمبلیوں کے سپیکرز،ڈپٹی سپیکر ،چیئرمین سینٹ ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی کررہے ہیں جس کا اختتامی سیشن آج منگل کو ہوگا۔جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ اور اعلامیہ اسلام آباد کا اعلان بھی سپیکر ایاز صادق کریں گے ۔

سپیکر کانفرنس میں جہاں سابق اسمبلیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور پارلیمانی تاریخ کے اہم نکات پر سابق سپیکرز نے اظہار خیال کیا وہیں اراکین قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے سرکاری بلیو پاسپورٹ ،تنخواہوں اور دیگر مراعات میں اضافے کا مطالبہ بھی کیا گیا اور یہ مطالبہ قرارداد کی صورت میں پیش کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد اراکین صوبائی و قومی اسمبلی اور سینیٹرز کا استحقاق ہے کہ انہیں سرکاری بلیو پاسپورٹ کا اجراء کیا جائے جبکہ اس کے ساتھ اراکین نے تنخواہوں میں اضافے کے ساتھ مزید مراعات کے اضافے کا مطالبہ کیا ۔

قرار داد کے ایک نقطے بلیو پاسپورٹ کے اجراء کی منظوری سپیکر کانفرنس میں دیدی گئی اور سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا البتہ ملک کی معاشی صور حال سب کے سامنے ہے اس لئے تنخواہوں میں اضافہ اور مزید مراعات فراہم نہیں کی جا سکتیں۔واضح رہے کہ تین روزہ سپیکرز کانفرنس آج بعد از دوپہر اختتام پذیر ہو جائے گی ۔

کانفرنس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا،یوسف رضا گیلانی، جان محمد جمالی ،سید ظفر علی شاہ ،الٰہی بخش سومرو ،صوبائی سندھ اسمبلی کے سپیکر سراج درانی ،ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر بلوچ،سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی ،پنجاب اسمبلی کے سپیکر رانا اقبال سمیت دیگر سابق سپیکرز اور ڈپٹی سپیکرز نے کانفرنس میں شرکت کی جن کے اعزاز میں سردار ایاز صادق نے پیر کو ظہرانہ بھی دیا۔