حکومت کو ٹف ٹائم، طاہرالقادری کا 11 مئی سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان ، وحدت مسلمین،سنی تحریک سے رابطے شروع ،مرکزی پروگرام لاہور میں ہوگا ترجمان

پیر 14 اپریل 2014 06:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14اپریل۔2014ء)علامہ طاہرالقادری نے وفاقی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کافیصلہ کرلیا، 11 مئی سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا، عوامی مسلم لیگ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی تحریک سے رابطے شروع کردیئے گئے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ”سو سنار کی، ایک لوہار کی“ اب لوہاروں کوگرم لوہاری چوٹ کے ذریعے ہٹا کر انقلاب کی راہ ہموار کرینگے۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری نے موجودہ نظام کو ایک مرتبہ پھر کرپٹ نظام قراردیتے ہوئے کہاکہ اس کے خلاف علم بغاوت بلند کرنے کا اعلان کردیا ہے اور اس سلسلے میں11 مئی سے احتجاجی تحریک شروع کئے جانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں ہم خیال سیاسی جماعتوں عوامی مسلم لیگ، مجلس وحدت مسلمین اور سنی تحریک سے بھی رابطے شروع کردیئے گئے ہیں تاکہ تحریک کو موثر بنایا جاسکے۔

اس سلسلے میں جب ”خبرساں ادارے“ نے اسلا م آباد میں عوامی تحریک کے ترجمان غلام مصطفی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ان تمام جماعتوں سے رابطے کرینگے جو واقعتاً تبدیلی کی خواہاں ہیں 11 مئی سے ملک بھر میں احتجاجی پروگرام ترتیب دیئے جارہے ہیں مرکزی پروگرام لاہور میں ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ سو سنار کی ایک لوہار کی اب کی بارایک ہی لگائیں اور پورے نظام کو تبدیل کرکے انقلاب کی راہ ہموار کرینگے۔

متعلقہ عنوان :