مارشل لا ء لگا تو پاکستان کی تباہی ہوگی‘ عمران خان ، مارشل لا کی مثال ایسی ہی ہے جیسے کوئی کینسر کا علاج ڈسپنسری سے کروائے‘ ڈکٹیٹر آ کر ڈیموکریٹ بنتا ہے اور ادارے تباہ کرتا ہے، اصل لیڈر وہی ہے جو ہمیشہ سچ بولے اور بزدل اور بڑا فیصلہ نہ کرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا، انٹرویو

ہفتہ 12 اپریل 2014 06:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔12اپریل۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ مارشل لا ء لگا تو پاکستان کی تباہی ہوگی، اگر دوبارہ پاکستان کی تباہی چاہتے ہیں تو مارشل لا لے آئیں۔ ایک انٹرویو کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ مارشل لا کی مثال ایسی ہی ہے کہ جیسے کوئی کینسر کا علاج ڈسپنسری سے کروائے۔ کسی بھی ملک کے اندر مسائل ہوتے ہی ہیں، وہاں تھوڑی دیر کے لیے مارشل لا لگ جاتا ہے، اس سے بظاہر یہ ہی لگتا ہے کہ ملک بہتر ہوگیا ہے مگر اس کے بعد درحقیقت حالات مزید بگڑ جاتے ہیں۔

عمران خان کاکہناتھا کہ ایک کرپٹ آدمی لیڈر بنتا ہے تو وہ کرپشن کرکے سارے ادارے تباہ کرتا ہے، اسی طرح جیسے ایک ڈکٹیٹر آ کر ڈیمو کریٹ بنتا ہے اور ادارے تباہ کرتا ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان کا مزید کہنا تھا ایک ایماندار آدمی پورے معاشرے کو تبدیل کر سکتا ہے۔ اصل لیڈر وہی ہے جو ہمیشہ سچ بولے اور بزدل اور بڑا فیصلہ نہ کرنے والا کبھی لیڈر نہیں بن سکتا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سے بہت مایوس ہوا سابق چیف جسٹس نے کہا تھا 20 ہزار کیس التوا کا شکار ہیں ، اگر میں نواز شریف کی جگہ ہوتا تو پولنگ افسروں کو سزائیں دلواتا ، ابھی تو کراچی کے حلقے کھلے ہیں 80 فیصد بوگس ووٹ نکلے ہیں۔ عمران خان نے کہا کرپشن پر قابو پا لیں تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔