سعودی عرب میں حج مشن ختم، وزیراعظم سیکرٹریٹ نے ڈی جی حج تعیناتی کی سمری اعتراض لگا کر واپس بھجوادی ،ڈی جی حج کے معاملے پر مشاورت جاری ہے ، جلد فیصلہ کرینگے، ترجمان ، وزیر مذہبی امور

جمعہ 11 اپریل 2014 06:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11اپریل۔2014ء)سعودی عرب میں حج مشن ختم کردیاگیا، وزیراعظم سیکرٹریٹ نے وفاقی وزیر کے کمنٹس کے بغیر بھیجی گئی ڈی جی حج تعیناتی کی سمری اعتراض لگا کر واپس بھجوادی گئی ، وزیر مذہبی امور کے ترجمان نے بلااجازت سمری بھجوانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ ڈی جی حج کے معاملے پر مشاورت جاری ہے ، جلد فیصلہ کرینگے۔

باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ سعودی عرب میں حج مشن کے حوالے سے وفاقی حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا ہے اور اسے ختم کرنے کے حوالے سے کام شروع کردیاگیاہے ۔وزارت مذہبی امور کے معتبر ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا چونکہ ڈائریکٹر حج ابو عاکف جن کی مدت گزشتہ دسمبر میں ختم ہوگئی تھی کے بعد اب تک ڈی جی حج تعینات نہ ہوسکا اور اس سلسلے میں بہت مشاورت ہوئی مگر کارگر ثابت نہ ہوئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں وزارت مذہبی امور کے دو اعلیٰ افسران کا نام بھی دیاگیا جبکہ سیکرٹری مذہبی امورسکندر اسماعیل خان نے ڈی جی حج کی تعیناتی کیلئے سمری بھی وزیراعظم سیکرٹریٹ کو بھجوادی تاکہ منظوری لے کر آسامی کو پر کیا جاسکے لیکن اس سلسلے میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمدیوسف سے مشاورت نہ کی گئی ۔ ذرائع کے مطابق معاملے کا علم ہونے پر وفاقی وزیر مذہبی امور نے اپنا اثرو رسوخ استعمال کیا ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس سلسلے میں یہ مشورہ بھی وفاقی حکومت کے زیر غور آیا چونکہ وہاں سفارتخانہ پہلے سے موجو د ہے اور پورا سال عملہ موجود رہتا ہے اس لئے حج مشن کی ضرورت ہی نہیں اسے ختم کردیا جائے یہ خزانے پر بوجھ ہے ۔ مصدقہ اطلاعات کے بعد ”خبر رساں ادارے“ نے جب وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے رابطہ کرکے موقف لینا چاہا تو ان کے ترجمان نے وضاحت طلب کی جس پر انہیں معاملے سے آگاہ کیا گیا تو انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امورو مذہبی ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی مصروفیت کا عذر پیش کیا اور وزیر مذہبی امور کی ترجمانی کرتے ہوئے کہاکہ حج مشن ختم نہیں کیاگیا البتہ ڈی جی حج کی آسامی فی الوقت خالی ہے ۔

انہوں نے ”خبر رساں ادارے“ کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ خالی آسامی پرکرنے کیلئے ایک سمری وزیراعظم کو بھجوائی گئی تھی البتہ وفاقی وزیر مذہبی امور کے کمنٹس نہ ہونے کے باعث سمری واپس آگئی ہے اب اس معاملے پر مشاورت ہورہی ہے جیسے ہی مشاورت مکمل ہوگی ڈی جی حج تعینات کردیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :