طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کے بعد عوام کا امن کا خواب پورا ہوجائیگا‘ پروفیسر ابراہیم، چند دنوں میں طالبان شوریٰ سے ملاقات کیلئے روانہ ہوجائیں گے،میڈیا سے بات چیت

پیر 7 اپریل 2014 06:04

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7اپریل۔2014ء) طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ آنے والے چند دنوں میں طالبان شوریٰ سے ملاقات کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔اتوارکو میڈیا سے بات چیت میں طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ آئندہ دو سے تین روز میں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ دونوں کمیٹیاں اعتمادسازی کے بعد خوشگوار ماحول میں آگے بڑھ رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کی کافی حد تک کامیابی کی امید ہے اور مذاکرات کی کامیابی کے بعد عوام کا امن کا خواب پورا ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی کہا تھا کہ آئندہ چند روز میں طالبان شوریٰ سے ملاقات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مرحوم گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے بیٹوں سمیت پروفیسر اجمل اور دیگر قیدیوں کی رہائی کا معاملہ طالبان سے ملاقات میں زیر بحث آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کمیٹی کا طالبان سے مکمل رابطہ ہے اور ہم آئندہ ملاقات کیلئے جگہ کا تعین کررہے ہیں۔