کراچی کیلئے اضافی بجلی روک دی، عابد شیر علی کا اعلان،سندھ حکومت 52 ارب روپے کی نادہندہ ہے،بجلی چوری کرنے والوں کو نئے قانون کے تحت مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا،کراچی اور خیبر پختونخواہ کے وہ علاقے جو بجلی کا بل ادا نہیں کرتے اور کنڈے ڈال کر بجلی چوری کرتے ہیں ان کو ہرگز بجلی سپلائی نہیں کی جائے گی ، اس سلسلے میں مجھے جو بھی قدم اٹھانا پڑے میں اٹھانے کیلئے تیار ہوں ،وزیر مملکت کی گفتگو

اتوار 6 اپریل 2014 04:27

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء )وزیر مملکت عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت 52 ارب روپے کی نادہندہ ہے۔ وصولی کے لئے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔ وفاقی حکومت نے کراچی کو اضافی بجلی کی فراہمی روک دی۔ وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا سندھ حکومت 52 ارب کی نادہندہ ہے اس وجہ سے کراچی کے لئے اضافی بجلی کی سپلائی روک دی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا سندھ حکومت کو وصولی کے لئے اخبار کے ذریعے صوبائی حکومت کو نوٹس بھجوا دیئے ہیں۔وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ بجلی چوری کرنے والوں کو نئے قانون کے تحت مقدمات اور سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا ، کراچی اور خیبر پختونخواہ کے وہ علاقے جو بجلی کا بل ادا نہیں کرتے اور کنڈے ڈال کر بجلی چوری کرتے ہیں ان کو ہرگز بجلی سپلائی نہیں کی جائے گی ، اس سلسلے میں مجھے جو بھی قدم اٹھانا پڑے میں اٹھانے کیلئے تیار ہوں ۔

(جاری ہے)

عابد شیر علی نے مزید کہا ہے کہ صدرکے دستخط کے تحت بننے والے حالیہ قانون کے تحت ملک بھر میں بجلی چوری کرنے کے سینکڑوں مقدمات درج ہوچکے ہیں اس سلسلے میں میں نے محکمہ واپڈا کے اعلیٰ حکام کو ہدایت کردی ہے کہ کہ اگر ان چوری اور لائن لاسز میں محکمہ واپڈا کا جو جو افسران اورماتحت عملہ ملوث پایا گیا تو اس کو بھی ہرگز معاف نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ گڈانی میں کوئلے سے بجلی کی پیداوار سے جو دس پلانٹ لگائے جائینگے ان سے چھ ہزار چھ سو دس میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی ۔

انہوں نے خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بجلی چوری کی مہم کے دوران لائن لاسز میں دس فیصد کمی ہوئی اور انشاء اللہ اس کمی کومزید بڑھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ بجلی کا بل دیتے ہیں اور انہیں بجلی نہیں ملتی یا ان کے حصے کی بجلی چوری ہوتی ہے ان لوگوں کا سختی سے محاسبہ کیا جائے گا جہاں بجلی کے بل زیادہ ادا کئے جائینگے وہاں پر بلا امتیازبجلی فراہم کی جائے گی ۔

وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی نے فیصل آباد پریس کلب میں نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف وفاداری میں بھی شرکت کی اور انہیں یقین دلایا کہ پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کے صنعتکاروں اور تاجروں کے جو مسائل ہیں ان کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی ملک کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہیں ۔