ایف سی کی پاکستانی سرزمین پر ایرانی مغویوں کی رہائی کی تردید،مغوی ایران کی سرزمین سے بازیاب ہوئے ہیں، ایرانی فورسز نے مغویوں کی بازیابی کیلئے متعدد بار سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی ، پاکستانی فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا،ترجمان ایف سی ، پاکستان میں مغوی بنائے گئے ہمارے محافظوں کو رہا کردیا گیا ، ایران کی تصدیق ، جلد انہیں وطن واپس لایا جائیگا ، ایک محافظ کی ہلاکت ہوئی ہے، علی اوصاف ہاشمی

اتوار 6 اپریل 2014 04:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6اپریل۔2014ء )مغوی ایرانیوں کی پاکستانی سرزمین سے بازیابی کو ایف سی ترجمان نے سختی سے تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ مغوی ایران کی سرزمین سے بازیاب ہوئے ہیں۔ ایف سی ترجمان نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ مغوی ایرانیوں کی رہائی ایرانی سرزمین پر ایرانی قبیلے شاہ بخش کے ثالث تاج محمد کے ذریعے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایرانی مغوی گارڈز اغواء سے بازیابی تک ایرانی سرزمین پر قید تھے۔ ایرانی فورسز نے مغویوں کی بازیابی کیلئے متعدد بار سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کی جو سرحدی قوانین کے خلاف ورزی ہے جس سے معصوم پاکستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایرانی فورسز کے اس رویے پر پاکستانی فورسز نے تحمل کا مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ادھر ایران نے پاکستان میں اپنے چار محافظوں کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد وہ وطن واپس پہنچ جائینگے ۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سیستان اور بلوچستان سرحد کے گورنر جنرل علی اوصاف ہاشمی نے بتایا کہ پاکستان میں یرغمال بنائے جانیوالے ہمارے سرحدی محافظ رہائی کے بعد وہاں ایرانی حکام کے حوالے سے کئے جاچکے ہیں اور اب ہم انہیں جلد محفوظ راستے واپس ملک میں لائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک محافظ کے ہلاکت کی بھی حقیقت ہے اور اس کی لاش وطن واپس لانے کا انتظار کیا جارہا ہے ۔