وزیراعظم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس، آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی ، وزیر داخلہ چوہدری نثار کی شرکت ،طالبان کیساتھ مذاکرات کی حکمت عملی پر مشاورت ، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال ،بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات ،قومی سلامتی اور قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا

ہفتہ 5 اپریل 2014 03:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5اپریل۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں طالبان کیساتھ مذاکرات کی حکمت عملی پر مشاورت سے متعلق کئی امور زیر غور آئے۔ جمعہ کو ایوان وزیراعظم میں ہونے والے اجلاس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ آرمی چیف جنرل راحیل شریف‘ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ظہیرالسلام اور طارق فاطمی شریک ہوئے۔

اجلاس میں خطے کی صورتحال اور طالبان سے مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ افغانستان میں انتخابات اور نیٹو فورسز کے انخلاء کے بعد کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔ شرکاء کو وزارت داخلہ کی جانب سے غیر عسکری طالبان کی رہائی کے معاملے سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے ملاقات میں ملک کی اندرونی سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ادھربری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔

جس میں قومی سلامتی اور قومی اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم ہاؤ س میں ہونے والی ملاقات کے موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق نے بھی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں پاک فضائیہ سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔