ملائیشیاء سے 3ہزارغیر قانونی پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے دو نو ں مما لک کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ،پاکستان ہائی کمیشن کی درخواست پر غیر قانونی باشندوں پر فی کس جرمانہ ایک لاکھ سے کم کرکے 15ہزار روپے کر دیا گیا ،، لاپتہ صحافی شہزاد مرزا کی معلومات کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کی ہنگامی کوششیں جاری

جمعہ 4 اپریل 2014 07:02

کوالا لمپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4اپریل۔2014ء) ملائیشیاء حکومت اور پاکستانی سفارتخانہ کے درمیان معاہدہ سے3ہزار سے زائد غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کی باعزت وطن واپسی کی راہ ہموار ہو گئی، ملائیشین امیگریشن نے پاکستان ہائی کمیشن کی درخواست پر غیر قانونی باشندوں پر فی کس جرمانہ ایک لاکھ سے کم کرکے 15ہزار روپے کر دیا، ملائیشیا میں پھنسے 12مریض اور 25خواتین و بچوں سمیت 100افراد وطن واپس پہنچ گئے، نو تعینات ہائی کمشنر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی جیلوں میں قید 250 پاکستانی قیدیوں کی امداد کیلئے ملائیشین حکام سے ملاقاتیں ، ملائیشیاء میں لاپتہ صحافی شہزاد مرزا کی معلومات کیلئے پاکستان ہائی کمیشن کی ہنگامی کوششیں جاری،قانونی دستاویزات نہ ہونے پر گرفتاری کا امکان، پاکستانی کمیونٹی کا ہائی کمشنر سید حسن رضا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سید اظہر ہاشمی کو خراج تحسین، تفصیلات کے مطابق ملائیشیاء میں 10لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاوٴن میں 250پاکستانی تارکین وطن گرفتار ہوئے اس حوالہ سے نو تعینات پاکستانی ہائی کمشنر سید حسن رضا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سید اظہر ہاشمی نے ہنگامی طور پر ملائیشین امیگریشن حکام سے ملاقاتیں کیں اور غیر قانونی تارکین وطن کی باعزت واپسی اور جرمانہ ایک لاکھ روپے سے کم کر کے 1500روپے فی غیر قانونی پاکستانی ادا کرنے کا معائدہ کیا جس پر ہزاروں غیر قانونی پاکستانیوں میں سے 1600کے قریب افراد نے پاکستان ہائی کمیشن میں درخواستیں جمع کروائیں جن کی باعزت واپسی کیلئے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی رات گئے تک اپنے دفتر میں مصروف رہتے ہیں اس حوالہ سے سید اظہر ہاشمی نے ” خبر رساں ادارے“ سے گفتگو میں بتایا کہ اب تک 100کے قریب غیر قانونی افراد پاکستان واپس بھیج چکے ہیں جن میں 12مریض ، 25خواتین و بچے، بزرگ اور جوان شامل ہیں، ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ ملائیشین امیگریشن کی طرف سے گرفتار کئے گئے غیر قانونی مقیم محمد یوسف نامی شخص پر فالج کا حملہ ہوا جس کے علاج معالجہ کے اخراجات حکومت پاکستان نے 21ہزار رنگٹ (6لاکھ سے زائد پاکستانی روپے)ہسپتال میں جمع کروائے اور اس کے کاغذات مکمل کر کے پاکستان واپسی کے اقدامات اٹھائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہائی کمشنر سید حسن رضا خصوصی اور ہنگامی اقدامات اٹھا رہے ہیں، ایک سوال پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے کہا کہ جن گرفتار پاکستانی تارکین وطن کو ملائیشیاء کی عدالتوں نے قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی ہیں وہ ملائیشیاء کے قانون کے مطابق سزاوٴں کے بعد ہی وطن واپس جا سکیں گے ۔

متعلقہ عنوان :