پرویز مشرف قومی مجرم اور غدار ہیں آئین کو پامال کرنے کے علاوہ عدلیہ کو معزول کیا،خواجہ سعد رفیق،مشرف ڈرامہ بازیاں بند کرتے ہوئے مرد کے بچے بنتے ہوئے عدالتوں کا سامنا کریں، وہ وقت یاد کریں جب پارلیمنٹ اور پوری قوم کو مکہ لہرا کر اپنی حماقت کا اشارہ کرتے تھے ،پرویز مشرف نے عوام و فوج کے دورمیان دوریاں پیدا کیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

جمعرات 3 اپریل 2014 06:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3اپریل۔2014ء)وفاقی وزیر برائے ریلویزخواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف قومی مجرم اور غدار ہیں جنہوں نے ناصرف آئین کو پامال کیا،عدلیہ کو معزول کیا، جمہوریت پر شب خون مارا، لال مسجد پر حملہ کیا ، اکبر بگٹی کو قتل کیا بلکہ پاک فوج کو بھی سب سے زیادہ نقصان ان ہی کے دور میں پہنچا ہے،پرویز مشرف نے فوج ایک خطرناک جنگ میں دھکیلا اور عوام و فوج کے دورمیان دوریاں پیدا کیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلا س کے موقع پر پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر نے اپنے دور میں افواج پاکستان کا جتنا نقصان کیا اس کی مثال کسی اور فوجی آمر میں نہیں ملتی، امریکہ کے آگے لیٹ کر سابق صدر نے افواج پاکستان کو ایک خوفناک جنگ میں دھکیل دیا جس سے ابھی تک پوری قوم نہیں نکل سکی۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر پرویز مشرف کو پہلے سے بیرون ملک بھیج دیاگیا تو ملک کی بقاء کو خطرہ ہو گا۔ اگر حکومت پرویز مشرف کو بیرون ملک روانہ کر دے تو سندھیوں، علیحدگی پسند بلوچوں اور پشتونوں کو کیا جواب دیں گے۔ امن مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی عوام سطح پر یہ تاثر موجود ہے کہ سیاستدانوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے اگر اس موقع پر مشرف بیرون ملک چلے گئے تو مذاکرات کی حیثیت ختم ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف قومی مجرم غدار اور امرا الجرائم ہیں۔ ملک کی بقاء، سلامتی اور جمہوریت کے تسلسل کے لئے ان کا ٹرائل ضروری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سابق صدر کے بیرون ملک جانے کا راستہ حکومت کی بجائے عدالت سے ہو کر گزرتا ہے ۔ حکومت عدالت کے حکم پر مشرف کا ٹرائل کر رہی ہے۔ تاہم بعض عناصر ان کو معصوم بنا کرعوامی رائے کو متاثر کر رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کہا کہ قوم نے 11 مئی کو مینڈیٹ مجرموں کو باہر بھیجنے کا نہیں بلکہ ان کو پکڑنے کے لئے دیا ہے۔ وزیر اعظم اور ان کے ساتھیوں نے اپنے اوپر ہونے والے مظالم کو کو معاف کر دیا ہے تاہم آئین کی خلاف ورزی کرنے والے کو معاف نہیں کر سکتے، اس پر عدالت جو فیصلہ دے گی اس پرعمل کریں گے۔ انہوں نے سابق صدر کو ڈرامہ باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشرف انوکھے مریض ہیں جو آئی سی یو میں بھی ہوتے ہیں اور اسی وقت وقت میں بھی پہنچ جاتے ہیں۔

انہوں نے مشرف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈرامہ بازیاں بند کرتے ہوئے مرد کے بچے بنتے ہوئے عدالتوں کا سامنا کریں اور وہ وقت یاد کریں جب پارلیمنٹ اور پوری قوم کو مکہ لہرا کر اپنی حماقت کا اشارہ کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان کے قیام کے لئے افواج پاکستان کا انتہائی اہم کردار ہے اور افواج کی قربانیوں کا صلہ نہیں دیاجا سکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کارگل جنگ پر تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا جاوید ہاشمی کا مطالبہ درست ہے۔ حکومت وقت کے ساتھ ساتھ اس پر بھی کمیشن تشکیل دے گی۔

متعلقہ عنوان :