ملائیشیائی طیارے کے سرچ آپریشن میں تیزی،ایم ایچ 370 کے بلیک باکس کی بیٹری ختم ہو رہی ہے،ایک ہفتے بعد بلیک باکس سے سگنلز آنا بند ہو جائیں گے،حکام،حکومت ملائیشیاء کا طیارے کی تلاش کے حوالے سے مسافروں کے لواحقین کو بریفنگ دینے کا فیصلہ

بدھ 2 اپریل 2014 04:31

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اپریل۔2014ء)بین الاقوامی ریسکیو ٹیمیں ملائیشین ایئر لائنز کے لاپتہ طیارے کے سرچ آپریشن میں تیزی لے آئی ہیں۔ پرواز ایم ایچ 370 کے بلیک باکس کی بیٹری ختم ہو رہی ہے اور حکام کے مطابق ایک ہفتے بعد بلیک باکس سے سگنلز آنا بند ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ دس بحری اور اتنے ہی فضائی جہاز جنوبی بحر ہند کے اس مقام پر تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، جہاں یہ طیارہ ممکنہ طور پر گر کر تباہ ہوا ہے۔

ادھر ملائیشیا کی ایوی ایشن اتھارٹی نے اس بوئنگ طیارے اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے مابین آخری رابطے کا نیا متن جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق پائلٹ نے کہا تھا، ’گڈ نائٹ ملائیشین تھری سیون زیرو‘ جبکہ پہلے بتایا گیا تھا کہ آخری رابطے میں پائلٹ نے روایتی انداز میں ’آل رائٹ گڈ نائٹ‘ کہا تھا۔

(جاری ہے)

ادھرملائیشین لاپتہ جہاز کے 153 چینی مسافروں کے رشتہ دار طیارے کی غیر یقینی اطلاعات پر سخت برہم، حکومت ملائشیا نے طیارے کی تلاش کے حوالے سے مسافروں کے لواحقین کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کر لیا، تفصیلات کے مطابق کوالا لمپور سے بیجنگ جانے والے ملائیشین ایئر لائن کے جیٹ مسافر طیارے ایم ایچ370کو لاپتہ ہوئے 25روز گزرنے اور ملائشیا کے وزیر اعظم داتو سری نجیب تن رزاق کی طرف سے مسافروں کی ہلاکت کے اعلان کے باوجود تاحال طیارے کے کسی ملبہ یا مسافروں کی نعشوں کے بارے میں کچھ معلوم نہ ہو سکا ہے، ملائشیا کی طرف سے شروع دن سے بدلتے بیانات نے مسافروں کے لواحقین میں شدید بے چینی پیدا کی جس پر ابھی تک وہ یہ بات تسلیم کرنے سے انکاری ہیں کہ جہاز کو کوئی حادثہ پیش آیا ہے اور ان کے پیارے اب دنیا میں نہیں رہے، اس حوالہ سے 153چینی مسافروں کے رشتہ داروں نے کوالا لمپور میں مسلسل ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور وہ حکومت ملائشیا پر سخت برہم ہیں جس پر ملائیشیا کے قائمقام وزیرِ ٹرانسپورٹ حشام الدین حسین نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ حکومت طیارے کی تلاش کے حوالے سے مسافروں کے لواحقین کو ایک بریفنگ دے گی جس میں ماہرین بھی شامل ہونگے جو سرچ آپریشن کے حوالے سے لواحقین کو اعتماد میں لیں گے جبکہ یہ بریفنگ براہ راست نشر کی جائے گی تاکہ اسے چین سمیت دیگر ممالک میں میں مسافروں کے لواحقین بھی دیکھ سکیں، ملائشین وزیر ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ حکومت ملائیشیا اس معاملے کو اس وقت تک نہیں چھوڑے گا جب تک یہ پتہ نہ چلایا جا سکے کہ ایم ایچ 370 کے ساتھ کیا واقعہ درپیش آیا، یاد رہے حالیہ دنوں میں لاپتہ جہاز کے متعدد مقامات پر ملبے کے مشتبہ ٹکڑوں کی نشاندہی کی گئی لیکن ان میں سے کسی ایک کی بھی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔