پرویز مشرف اسامہ بن لادن کے ٹھکانے بارے بخوبی آگاہ تھے ، برطانوی خاتون صحافی کا انکشاف ،سابق صدر بارے کچھ ایسے راز ہیں جن کی بنیاد پر ان کیخلاف مزید مقدمات چل سکتے ہیں ، کارلوٹاگیل

منگل 1 اپریل 2014 06:32

واشنگٹن( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1اپریل۔2014ء ) برطانوی خاتون صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق پاکستانی فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف اسامہ بن لادن کے ٹھکانے سے بخوبی آگاہ تھے ۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے لیے پاکستان اور افغانستان سے رپورٹنگ کرنیوالی برطانوی خاتون صحافی کارلوٹا گیل نے اپنی کتاب ” غلط دشمن “ میں دعویٰ کیا ہے کہ سابق فوجی ڈکٹیٹر پرویز مشرف اسامہ بن لادن کے ٹھکانے سے بخوبی آگاہ تھے ۔

انہوں نے کہا کہ مشرف کیخلاف عدالت میں جو مقدمات چل رہے ہیں اس کے علاوہ بھی مشرف دور کے کچھ راز ایسے ہیں جن کے حوالے سے ان پر مزید مقدمات چل سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک دن وہ پاکستانی ریٹائرڈ جنرل طلعت مسعود کے ساتھ ان کے گھر بیٹھی ہوئی تھی تو وہ پرویز مشرف کا ایک انٹرویو دیکھ رہے تھے جس میں مشرف نے خود اعتراف کیا تھا کہ وہ اسامہ بن لادن کے بارے میں بخوبی آگاہ ہیں کہ وہ کہاں روپوش ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر طلعت مسعود نے انہیں بتایا تھا کہ وہ القاعدہ اور کشمیری عسکریت پسندوں کے حوالے سے اس وقت دو حصوں میں منقسم ہیں انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ جنرل طلعت نے سابق ڈکٹیٹر کو خبردار بھی کیا تھا کہ وہ ایک آپریشن کو روک کر دوسرے کو جاری نہیں رکھ سکتے تاہم مشرف نے یہ اصرار کیا تھا کہ ہمیں طالبان کے ساتھ تعاون روک دینا چاہیے جبکہ کشمیری عسکریت پسندوں کے ساتھ تعاون جاری رکھنا چاہیے ۔