جسٹس افتخار چوہدری نے سیاسی جماعت بنائی تو شامل نہیں ہوں گا،جمشید دستی،بلاول اور حمزہ شہباز ڈرامے بازی اور عوام کا خون چوسنے کیلئے اندرون خانہ ایک ہیں، اپنے پلیٹ فارم سے عوام کے حقوق کیلئے جدوجہد کرونگا ، خصوصی گفتگو

پیر 31 مارچ 2014 06:45

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء ) آزاد رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سیاسی جماعت بنائی تو شامل نہیں ہوں گا،سابق وزیر داخلہ رحمن ملک جعلی دھمکی آمیز خطوط لکھ کر بلاول بھٹو زرداری کو ڈرا رہے ہیں جبکہ ان خطوط کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے رحمن ملک بلاول بھٹو کو ڈرانا چھوڑ دیں ۔

بلاول بھٹو زرداری اور حمزہ شہباز ڈرامے بازی کرنے میں اندرون خانہ ایک ہیں عوام کا خون چوسنے کے لئے ، قومی اسمبلی کی پارلیمانی لاجز کے اجلاس میں نہیں جاؤں گا کیونکہ ان سے انصاف کی توقع نہیں ہے ۔ اتوار کو خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت طالبان سے مذاکرات خلوص نیت سے کرے تو اس کے مثبت نتائج نکل سکتے ہیں اگر مذاکرات حکمرانوں کی غفلت کی وجہ سے ناکام ہوئے تو ملک میں آگ لگ جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سیاسی جماعت بنائی تو اس میں شامل نہیں ہوگا اپنے پلیٹ فارم سے غریب عوام کے حقوق کیلئے جنگ لڑتا رہوں گا ۔ اور ظالم حکمرانوں کیخلاف نوجوانوں کو اکٹھا کروں گا کیونکہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ایک سکے کے دو رخ ہیں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز اور بلاول بھٹو اندرون خانہ دونوں ایک ہیں ان کے بڑوں نے بھی عوام کا خون چوسا یہ بھی چوسیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ رحمن ملک حجام ہیں یہ بلاول بھٹو زرداری کو جعلی دھمکی آمیز خطوط لکھوا کر ڈراتا ہے آخر کار رحمن ملک نے اپنے آبائی پیشے کی طرف آنا ہے جس میں لوگوں کے بال کاٹنے اور شیو کرنی ہے انہوں نے کہا کہ رحمن ملک جھوٹا شخص ہے ایک سوال کے جواب میں جمشید دستی نے کہا کہ پارلیمانی لاجز تحقیقاتی کمیٹی میں انصاف کی توقع نہیں ہے اس لئے کمیٹی کے اجلاس میں نہیں جاؤں گا اجلاس میں شرکت کرنے سے کوئی انصاف نہیں ہوگا ۔