طالبان کی ایک ماہ کی جنگ بندی کی مدت (آج )ختم ہورہی ہے،دونوں کمیٹیوں نے بدستور جنگ بندی برقرار رکھنے پر پہلے ہی اتفاق کر لیا ہے،ذرائع، آج توسیع کا اعلان متوقع

پیر 31 مارچ 2014 06:37

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی طرف سے اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک ماہ کی مدت (آج )پیر کو ختم ہورہی ہے تاہم دونوں کمیٹیوں نے بدستور جنگ بندی برقرار رکھنے پر پہلے ہی اتفاق کر لیا ہے تاہم بعض مبصرین ان خدشات کا اظہار کر رہے ہیں کہ جنگ بندی میں توسیع کا واضح اعلان نہ ہونے پر بعض ایسے گروپ پرتشدد کارروائیاں شروع کر سکتے ہیں جو پہلے ہی ان مذاکرات کو مجبوراً قبول کر رہے تھے ۔

طالبان کے ترجمان شاہد اللہ شاہدنے یکم مارچ کو اعلان کیا تھا کہ جنگ بندی کا یہ اعلان جید علماء کرام کی اپیل اور طالبان کمیٹی کے احترام میں کیا گیا ہے،حکومت نے ہماری مذاکراتی کمیٹی کی تجاویز کامثبت جواب دیا گیا ہے اوران تجاویز پر عملدر آمد کی پر اعتماد یقین دہانی کرائی جاچکی ہے اور امیدظاہر کی ہے کہ حکومت بھی مذاکراتی عمل کو ہر قسم کی سیاست سے دور رکھ کر اس معاملے میں مثبت پیش رفت کرے گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہناتھا کہ طالبان نے نیک مقاصد اور سنجیدگی کے ساتھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کا آغاز کیا ہے،ہم ایک اصولی جماعت ہیں، ہر فیصلہ شوریٰ کے اتفاق اور امیر کی تائید کے ساتھ طے کرتے ہیں، مذاکراتی عمل میں پیدا شدہ ڈیڈلاک کے خاتمے اور جنگ بندی کے لئے ہماری طرف سے اپنی مذاکراتی کمیٹی کو دی گئی تجاویز کا حکومت کی طرف سے مثبت جواب دیا گیا ہے اوران تجاویز پر عملدر آمد کی پر اعتماد یقین دہانی کرائی جاچکی ہے۔

ادھرحکومت طالبان مذاکرات طالبان کی طرف سے آج ( پیر کو ) جنگ بندی کی معیاد پوری ہونے پر اس میں مزید توسیع کا اعلان متوقع ہے ، جنگ بندی میں توسیع کے بعد حکومتی و طالبان مذاکراتی کمیٹیاں اگلے دو روز میں طالبان شوری سے مذاکرات آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم ملاقات کریں گی جبکہ مولانا سمیع الحق پہلے ہی طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج(پیر کو ) طالبان کی طرف سے جنگ بندی کی ایک ماہ کی مدت ختم ہو رہی ہے جہاں حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے کے لئے طالبان کی طرف سے آج جنگ بندی میں توسیع کرنے کے اعلان کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کے بعد اگلے دو روز میں حکومتی و طالبان مذاکراتی کمیٹیاں طالبان شوری سے ملاقات کر یں گی اور مذاکرات آگے بڑھائے جائیں گے۔اس حوالے سے ہفتہ کے روز وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعدطالبان کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق پہلے ہی طالبان کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کی یقین دہانی کروا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :