پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ، آئی سی یو منتقل ،مشرف سے اے ایف آئی سی میں وکلاء اور ان کے دوست بریگیڈئر ریٹائر ضامن کی ملاقات ، غداری کیس اور عدالت کی طلبی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال، غداری کیس کی سماعت آج ہو گی ، مشرف کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے پولیس ٹیم تشکیل ،پانچ رکنی ٹیم صبح دس بجے اے ایف آئی سی جائے گی

پیر 31 مارچ 2014 06:37

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مارچ۔ 2014ء )سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کی طبیعت اچانک خراب ہونے کے بعد انھیں اتوار کی شب آئی سی یو منتقل کردیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انکے وکیل رانا اعجاز ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ پرویزمشرف کابلڈپریشرہائی ہونے پرانھیں آئی سی یومنتقل کیاگیا ہے۔رانا اعجاز نے مزید کہا کہ پرویزمشرف کی آج خصوصی عدالت میں حاضری سے متعلق کچھ نہیں کہاجا سکتا۔

واضح رہے کہ خصوصی عدالت نے آج پرویزمشرف کوطلب کیاہواہے۔اورسنگین غداری کیس میں آج ان پرفردجرم عائدہونیکاامکان ہے۔دریں اثناء پرویز مشرف کی والدہ کی حالت بھی نازک بتائی جاتی ہے جوکہ دبئی کے ایک ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل ہیں جہاں ڈاکٹرز انکی جان بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق صدر پرویز مشرف سے اے ایف آئی سی میں وکلاء اور ان کے دوست بریگیڈئر ریٹائر ضامن کی ملاقات میں غداری کیس اور عدالت کی طلبی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اتوار کی شام پرویز مشرف کے وکلاء نے شریف الدین پیرزادہ کی سربراہی میں اے ایف آئی سی میں ان سے ملااقت کی جس میں غداری کیس کی صورتحال اور پرویز مشرف کی پیشی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا پرویز مشرف کے دوست بریگیڈئر ریٹائرڈ ضامن نے بھی ان سے ملاقات کی اور عدالت کی طلبی کے حالے سے تبادلہ خیال کیا ان رہنماؤں نے پرویز مشرف کی والدہ کی صحت کے حوالے سے بھی مشرف سے پوچھا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔

سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کی سماعت آج (پیر کو )نیشنل لائبریری میں قائم تین رکنی خصوصی عدالت میں ہوگی ۔پرویز مشرف کی رضاکارانہ طور پر عدم پیشی کی صورت میں وفاقی پولیس ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کرکے انہیں گرفتار کر کے خصوصی عدالت میں پیش کرنے کی پابند ہوگی اور پولیس کی ناکامی کی صورت میں عدالت کے پاس وفاقی پولیس کے خلاف کاروائی کرنے کے علاوہ ملزم کی غیر موجودگی میں ہی فرد جرم کی چارج شیٹ پرویز مشرف کے وکلاء کے سامنے پڑھنے کے آپشنز موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق غداری کیس میں خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کو آج ہر صورت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے تاہم پرویز مشرف کی طور سے خود عدالت میں پیش نہ ہونے کی صورت میں وفاقی پولیس ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کر کے انہیں عدالت میں پیش کرنے کی پابند ہوگی۔ذرائع کے مطابق سابق صدر کو گرفتار کر کے پیش کرنے میں ناکامی کی صورت میں خصوصی عدالت پولیس کے خلاف کاروائی کر سکتی ہے جبکہ عدالت کے پاس ملزم کی غیر موجودگی میں فرد جرم کی چارج شیٹ وکلائے صفائی کی موجودگی میں پڑھ کر سنانے اور مقدمہ کا ٹرائل آگے بڑھانے کے آپشنز موجود ہیں۔

سابق صدر پرویز مشرف کی سکیورٹی کے لئے حتمی پلان تشکیل دیدیا گیا ، سابق صدر کی خصوصی عدالت پیشی کے موقع پر2650 پولیس اور رینجرز اہلکار ڈیوٹی پر مامور ہوں گے ، چار ممکنہ روٹ ترتیب دیئے گئے ہیں ۔عدالت نے انہیں فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر رکھا ہے اور کہا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔

سنگین غداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف فرد جرم عائد کرنے کے لئے خصوصی عدالت میں سماعت آج پیر کو ہو گی ،سابق صدر کی خصوصی عدالت میں آج پیر کو پیشی کے موقع پر وفاقی حکومت نے سکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے ، سابق صدر کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر ہر ممکنہ چار روٹ لگائے جائیں گے ، ہر روٹ کو وی وی آئی پی روٹ کا درجہ دیا گیا ہے ،روٹس پر پولیس اور رینجرز کے 2650 اہلکار تعینات ہوں گے ،650اہلکار راولپنڈی اور 2000 اہلکار اسلام آباد کے روٹس پر تعینات ہوں گے ۔

خصوصی عدالت میں دوران سماعت عدالت کے باہر بھی سکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جائے گا ، سابق صدر کی خصوصی عدالت میں پیشی کے موقع پر ریڈزون کو بھی سیل کردیا جائیگا ۔ چیف کمشنر اسلام آباد جواد پال کی زیر صدارت گذشتہ روز ایک اجلاس میں بھی اسلام آباد انتظامیہ، پولیس رینجرز اوردیگر سیکورٹی اداروں کے حکام شریک ہوئے جس میں پیشی کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کا فیصلہ کیا گیا۔

ملزم پرویزمشرف کی اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت آنے کیلئے 2سے 3 روٹس لگائے جائیں گے۔ اسلام آبادمیں ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے جبکہ خصوصی عدالت کے باہر کسی قسم کے مظاہرے پرپابندی ہوگی۔ دوسری طرف پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلیے پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ایس پی سٹی اسلام آباد مستنصر فیروز پولیس ٹیم سربراہ ہوں گے، ان کے علاوہ ٹیم میں اے ایس پی سٹی یاسر آفریدی اور 3 انسپکٹر زشامل ہیں۔

پولیس ٹیم صبح 8 بجے اے ایف آئی سی میں اپنی پوزیشن سنبھال لے گی۔ سنگین غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے حکم دے رکھاہے کہ اگرملزم پرویزمشرف31 مارچ کو عدالت میں حاضرنہ ہوں توانہیں گرفتارکرکے لایاجائے ۔سابق صدر کی خصوصی عدالت میں پیشی،خصوصی عدالت سے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے وفاقی پولیس کی پانچ رکنی ٹیم آج (پیر کو) صبح دس بجے اے ایف آئی سی جائے گی اور پرویز مشرف کی طرف سے عدالت میں رضاکارانہ طور پرییش نہ ہونے کی صورت میں وفاقی پولیس کی مذکورہ ٹیم انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کی مجاز و پابند ہوگی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی سٹی کی سربراہی میں بنائی گئی وفاقی پولیس کی پانچ رکنی ٹیم آج پیر کی صبح دس بجے اے ایف آئی سی روالپنڈی جائے جہاں سابق صدر زیر علاج ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق خصوصی عدالت کے حکم کے مطابق پرویز مشرف کی طرف سے بذات خود عدالت میں پیش ہونے سے انکار پر وفاقی پولیس کی مذکورہ ٹیم انہیں گرفتار کر کے خصوصی عدالت کے سامنے پیش کرنے کی پابند ہوگی۔