بلوچستان، پسنی میں ائیرپورٹ کے قریب ریڈار کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں1اہلکار جاں بحق ،ریڈار محفوظ رہا ہے،سیکورٹی حکام ،کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک بچی جاں بحق، 16 افراد زخمی،کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے کوئٹہ بم دھماکہ کی ذمہ داری قبول کرلی

اتوار 30 مارچ 2014 07:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء)بلوچستان کے علاقے پسنی میں ایئرپورٹ کے قریب ریڈار کی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے نتیجے میں1اہلکار جاں بحق ،فائرنگ کے تبادلے کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب پسنی ایئرپورٹ کے ریڈار کی حفاظت کیلئے بنائی جانے والی چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کردیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں چیک پوسٹ پر تعینات بلوچستان کانسٹیبلری کاایک جوان ہلاک ہوگیا کافی دیر تک سیکورٹی فورسز اور نامعلوم حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوتا رہا حملے کی اطلاع کے بعد مزید نفری کو طلب کرلیا گیا بتایاجاتا ہے کہ حملے کے دوران ریڈار کی مشینری اور دیگر سازوسامان کو نقصان پہنچا ہے حملہ آور جاتے ہوئے سیکورٹی اہلکاروں کا اسلحہ بھی لے گئے ہیں یاد رہے کہ اس سے قبل بھی گوادر ایئر پورٹ کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرکے ان سے اسلحہ چھین کر لے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

پسنی میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریڈار پر راکٹوں سے حملہ،ایک سیکورٹی گارڈ شہید ہوگیا،تاہم حملے میں ریڈار محفوظ رہا،سیکورٹی حکام کے مطابق سی اے اے کے ریڈار پر گزشتہ روزراکٹوں سے حملہ کیا گیا،جس کے نتیجے میں سائٹ پر موجود ایک سیکورٹی گارڈ شہید ہوگیا،تاہم اس واقعے میں ریڈار محفوظ رہا،فوری طور پر سیکورٹی اہلکاروں نے تمام صورتحال کو کنٹرول کرلیا۔

ادھرصوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر ریموٹ کنٹرول بم حملے میں ایک بچی جاں بحق جبکہ 16 افراد زخمی ہوگئے ،نیوسریاب تھانے کے قریب دھماکا ہوا ہے پولیس کے مطابق نیو سریاب تھانے کے قریب نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول دھماکہ کیا جن کا ہدف سیکورٹی فورسز کی گاڑی تھی سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم ہونیوالے دھماکے کے نتیجے میں 7 سالہ بچی فضاء بی بی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی جبکہ نیاز اللہ عبدل  رسول بخش  نعمت اللہ  لعل محمد  شعیب  یوسف  عبدالعلی  عبدالصمد  شرف الدین  جلال خان  ناصر خان  شکیل  عبدالغفار  رضا محمد اور ہدایت اللہ زخمی ہوگئے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا واقعہ کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو محاصرے میں لے لیا پولیس کے مطابق دھماکہ خیز مواد رکشے کے اندر نصب کیا گیا تھا ۔

جبکہ کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی نے کوئٹہ بم دھماکہ سمیت مختلف واقعات کی ذمہ داری قبول کرلی کالعدم تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی کے ترجمان سرباز بلوچ نے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بلوچ سرمچاروں نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر سیکورٹی فورسز کے کانوائے کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا جس میں چھ اہلکار ہلاک و متعدد زخمی ہوگئے صحبت پور کے علاقے گوٹھ امتیاز میں خفیہ اداروں کے لئے زیر تعمیر تین چوکیوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کردیا ہم مقامی ٹھیکیداروں اور مزدوروں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ ریاستی تعمیراتی کمپنیوں کے ساتھ کام سے گریز کریں وگرنہ اپنے نقصان کے ذمہ دار خود ہونگے دوسری جانب سریاب روڈ پر فورسز پر حملے اور اہلکاروں کی ہلاکت کے دعوے کو سرکاری سطح پر مسترد کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ فورسز کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن اس بم دھماکے کمسن بچی جاں بحق ہوئی اور ایک درجن سے زائد عام شہری زخمی ہوئے ۔