پرویز مشرف کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی،تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل، غداری کیس میں خصوصی عدالت کی طرف سے مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے پانچ رکنی ٹیم تشکیل ،عدالت حکم عدولی اور خصوصی عدالت میں پیشی سے انکار کی صورت میں وفاقی پولیس کی ٹیم سابق صدر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے گی ،سیکورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی

اتوار 30 مارچ 2014 07:08

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30مارچ۔ 2014ء) سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کی والدہ کی طبیعت بگڑ گئی‘ تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق صدر کی والدہ کی سانسیں اکھڑ گئی ہیں‘ انہیں شارجہ کے ولسن ہسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پرویز مشرف کی والدہ کو صہبا مشرف نے ایمبولنس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا۔

آئی سی یو میں ان کی طبی امداد جاری ہے۔ ادھروفاقی پولیس نے غداری مقدمہ میں خصوصی عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی ہے جس کی سربراہی ایس پی سٹی کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کریں گے۔کل 31جنوری کو غداری مقدمہ میں پرویز مشرف کو عدالت نے طلب کر رکھا ہے ، عدالت حکم عدولی اور خصوصی عدالت میں پیشی سے انکار کی صورت میں وفاقی پولیس کی مذکورہ ٹیم سابق صدر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرے گی ، دوسری جانب وفاقی پولیس نے سابق صدر کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سیکیورٹی پلان کو بھی حتمی شکل دے دی ہے۔

(جاری ہے)

باخبر ذرائع کے مطابق ہفتہ کے روز سینٹرل پولیس آفس میں وفاقی پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کل پیر کو سابق صدر کی عدالت میں پیشی سے متعلق امور حفاظتی امور اور پرویز مشرف کی عدم پیشی کی صور ت میں خصوصی عدالت کی طرف سے جاری کیے گئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ذرائع کے مطابق پولیس حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد وفاقی پولیس کے سربراہ (آئی جی اسلام آباد) نے وارنٹ گرفتاری کی تعیمل ایس پی سٹی کی سربراہی میں پولیس کی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس ٹیم میں ایس پی سٹی یاسر آفریدی اور تین انسپکٹر لیول کے افسران شامل ہیں۔ یاد رہے 14مارچ کو خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے عدالت میں پیش نہ ہونے کی صورت میں ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ سابق صدر 31مارچ کو خصوصی عدالت میں خود پیش ہو جائیں اور نہ پیش ہونے کی صور ت میں وفاقی پولیس نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عمل درآمد کر کے انہیں عدالت میں پیش کرنے کی پابند ہوگی۔

دوسری جانب گزشتہ روز وفاقی پولیس نے خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کی پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے جس کے تحت وفاقی پولیس کے2500اہلکاروں پر مشتمل نفری سیکیورٹی فرائض سرانجام دے گی اور پرویز مشرف کی پیشی کے لئے اے ایف آئی سی سے خصوصی عدالت تک تین مختلف روٹس لگائے جائیں گے۔ایس ایس پی سیکیورٹی ڈویژن اور ایس ایس پی آپریشن موقع پر موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے جبکہ سیکرٹری داخلہ بھی سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے حوالے سے کل کیس کی سماعت کے موقع پر خصوصی عدالت میں موجود رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :