جن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہوگئے ہیں ان کو دوبارہ کاغذات جمع کرانے سے استثنا دیا جائے۔ اگر حلقہ بندیوں کا فیصلہ نہیں ہوتا تو پہلے سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کو ہی آئندہ شیڈول میں شامل کرتے ہوئے مسترد یا منظور شدہ شمار کیا جائے۔اور اگر حلقہ بندیوں کا فیصلہ ہو جاتا ہے تو جن یونین کونسلز میں کوئی تبدیلی واقع ہوتی ہے صرف وہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے احکامات صادر کیے جائیں،جماعت اسلامی پاکستان کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ

ہفتہ 29 مارچ 2014 07:25

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبار آن لائن۔29مارچ۔ 2014ء )جماعت اسلامی پاکستان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ جن صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے حوالہ سے گذشتہ شیڈولز کے تناظر میں جو امیدو ار کاغذات جمع کرا چکے ہیں اورجانچ پڑتال مکمل ہو کر کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہوگئے ہیں ان کو دوبارہ کاغذات جمع کرانے سے استثنا دیا جائے۔

اگر حلقہ بندیوں کا فیصلہ نہیں ہوتا تو پہلے سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کو ہی آئندہ شیڈول میں شامل کرتے ہوئے مسترد یا منظور شدہ شمار کیا جائے۔اور اگر حلقہ بندیوں کا فیصلہ ہو جاتا ہے تو جن یونین کونسلز میں کوئی تبدیلی واقع ہوتی ہے صرف وہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے احکامات صادر کیے جائیں۔ یہ مطالبہ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نام ایک خط میں کیا ہے جس میں مزید کہاگیا ہے کہ کاغذات کو جمع کرانا اور اسکے تمام مراحل سے گزرنا بذات خود ایک مشکل مرحلہ ہو تا ہے اور بعض اوقات زیا دہ تر افراد اسی وجہ سے اس میں حصہ نہیں لیتے ۔

(جاری ہے)

خصوصا خواتین کے لیے باربار کاغذات جمع کرانے کی مشق سے گزرنا ایک انتہائی مشکل امر ہے۔جماعت اسلامی پاکستان نے الیکشن کمیشن سے استدعا ہے کہ مذکورہ صورتحال میں اگر الیکشن کمیشن یہ فیصلہ کرے کہ جن کے کاغذات منظور یا مسترد ہو چکے ہیں ان کو دوبارہ کاغذات جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہو گی تو یہ قرین انصاف اور عوام کے لیے آسانی پیدا کرنے کے مترادف ہو گا۔لہذا عوامی سہولت اور مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کوئی حکمنامہ جاری فرمایا جائے۔یاد رہے کہ مئورخہ13 جنوری 2014کو الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی اجازت سے پنجاب کا انتخابی شیڈول منسوخ کر دیاتھااور تمام داخل شدہ کاغذات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔پنجاب میں آئندہ شیڈول تیسری مرتبہ جاری ہو گا