بلاول بھٹو کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے،یوسف رضا گیلانی، تھر کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے،حکومت آئندہ بجٹ میں مہنگائی کے خاتمے کیلئے ،عوام کیلئے بھرپور ریلیف اور ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کرے،سابق وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

جمعہ 28 مارچ 2014 07:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28مارچ۔ 2014ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے اور نہ ہی وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو وزارت اعلیٰ سے ہٹایا جا رہا ہے، انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینا نہ بھولے، گزشتہ روز مقامی ہوٹل لاہور میں تاجروں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو ہٹا کر بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعلیٰ سندھ بنانے کی فی الحال کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے لیکن اگر ایسا ہوتا ہے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہو گا، انہوں نے صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کے سوال پر کہا کہ نیا صوبہ جنوبی پنجاب ابھی بھی ان کا اور ان کی جماعت کا مطالبہ ہے، یوسف رضا گیلانی نے تھرپارکر میں قحط سالی کو موسمی جغرافیائی حالات کے تحت تبدیلی قرار دیا اور کہا کہ تھر کے عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے میڈیا پر بھی تنقید کی ہے کہ پیپلزپارٹی دور حکومت میں میڈیا بجلی کی لوڈشیڈنگ پر چلاتا تھا کہ حکومت گرا دی جائے لیکن موجودہ حکومت میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر میڈیا اس ایشو کو نظر انداز کیے ہوئے ہے، یوسف رضا گیلانی نے ان کے دور حکومت میں سابق چیف آف آرمی جنرل (ر) اشفاق پرویز کیانی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل (ر) احمد شجاع پاشا کی حکومتی معاملات میں مداخلت کی نفی کرتے ہوئے اس الزام کو مسترد کیا، انہوں نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں، مزید برآں انہوں نے کہا حکومت سے آئندہ بجٹ میں عوام کو مہنگائی کے خاتمے کیلئے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ افراط زر کی شرح کو مدنظر رکھ کر ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کیا جائے۔