وفاقی وزیرداخلہ نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس آج طلب کرلیا،کمیٹی طالبان کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت بارے وزیرداخلہ کوبریفنگ دے گی،شمالی وزیر ستان میں طالبان شوری سے مذاکرات کے بعد حکومتی کمیٹی کے ارکان کی اسلام آباد واپسی

جمعرات 27 مارچ 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27مارچ۔ 2014ء)وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس آج( جمعرات کو)طلب کرلیاہے ،اجلاس میں مذاکراتی کمیٹی طالبان کے ساتھ اب تک مذاکرات کے حوالے سے پیشرفت بارے وزیرداخلہ کوبریفنگ دے گی۔وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کااجلاس آج یہاں اسلام آبادمیں طلب کیاہے ۔

مذاکراتی کمیٹی کے ارکان وفاقی وزیرداخلہ کوگزشتہ روزطالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ہونے والی ملاقات اوراب تک کی پیشرفت بارے بریفنگ دیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق حکومتی مذاکراتی کمیٹی طالبان کے ساتھ مذاکرات کے ایجنڈے بارے اورطالبان کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے رکھی گئی شرائط اورمطالبات سے بھی وفاقی وزیرداخلہ کوآگاہ کریگی جبکہ اجلاس کے بعدطالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے آئندہ کالائحہ عمل طے کرنے اورطالبان کے مطالبات پرغورکیاجائیگا۔

دریں اثناء شمالی وزیر ستان میں طالبان شوری سے مذاکرات کے بعد حکومتی کمیٹی کے ارکان واپس اسلام آبا د پہنچ گئے ہیں ،حکومتی کمیٹی کے رکن رستم شاہ نے کہا ہے کہ مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں ،مذاکرات کی دوسری نشست چند روز میں ہوگی ۔