بجلی 2 روپے 24پیسے فی یونٹ مہنگی ،کراچی کے صارفین اضافے سے مستثنیٰ، قیمتوں میں اضافہ جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا، ملک میں بجلی کا شارٹ فال3ہزارمیگاواٹ تک پہنچ گیا ،غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

بدھ 26 مارچ 2014 06:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26مارچ۔ 2014ء)نیپرا نے بجلی 2 روپے 24پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ 50یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے اور کراچی الیکٹرک کمپنی کے صارفین پر قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا۔ قیمتوں میں اضافے کی منظوری 13 مارچ کو دی گئی تھی۔

تقسیم کار کمپنیاں صارفین سے مارچ کے بلوں میں وصولی کریں گی۔ جنوری میں ہائی سپیڈ ڈیزل اور فرنس آئل پر مہنگی بجلی پیدا کرنا پڑی تھی۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی کی نرخوں میں اضافے کا اطلاق پچاس یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر نہیں ہوگا۔ کراچی الیکٹرک کمپنی کے صارفین بھی اس اضافے سے مستثنیٰ ہونگے۔

(جاری ہے)

ادھر ملک میں بجلی کا شارٹ فال 3 ہزار میگاواٹ پر برقرار ہے۔

جس کے باعث پنجاب بھر میں دس سے بارہ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔پیپکو حکام کے مطابق بجلی کی پیداوار 9 ہزار جبکہ طلب12 ہزار میگاواٹ کے قریب ہے۔ شارٹ فال تین ہزار میگا واٹ ہونے سے شہروں میں دس گھنٹے جبکہ دیہات میں بارہ سے چودہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سردیوں میں بھی انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا، اب گرمیاں آ رہی ہیں حکومت بجلی کے معاملے میں نا جانے ان کے ساتھ کیا سلوک کرے گی۔

متعلقہ عنوان :