تھر متاثرین کو امدادی گندم کی فراہمی پھر معطل،مزید 2بچے انتقال کرگئے ،کرایوں کی عدم ادائیگی پر ٹرانسپورٹرز نے گندم پہنچانے سے انکار کردیا

پیر 24 مارچ 2014 07:06

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24مارچ۔2014ء)تھرپارکرکے متاثرین کوامدادی گندم کی فراہمی ایک بار پھرمعطل ہوگئی ہے،کرایوں کی عدم ادائیگی پر ٹرانسپورٹرز نے گندم پہنچانے سے انکار کردیا۔ غذائی قلت اورمختلف امراض میں مبتلا مزید 2بچے انتقال گرگئے۔ تھر کے قحط زدگان میں امدادی گندم کی فراہمی پھرمسئلہ بن گئی ،ٹرانسپورٹرز نے کرایوں کی عدم ادائیگی پرسرکاری گوداموں سے گندم اٹھانے سے انکار کردیاہے۔

ٹرانسپوٹرز نے مٹھی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر تھر پارکرآصف اکرام نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف شہروں میں واقع سرکاری گوداموں سے دیہاتوں میں گندم کی فراہمی کاسلسلہ جاری ہے۔ پاک فوج، پاک بحریہ، بحریہ ٹاؤن، رینجرزسمیت سماجی و فلاحی اداروں کی جانب سے بھی تھر کے دیہاتوں میں امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ادھرڈیپلو کے تحصیل اسپتال میں غذائی قلت سے مختلف امراض میں مبتلا مزید ایک بچہ فوت ہوگیا، جبکہ اسلام کوٹ میں اسپتال منتقل کی جانے والی تین ماہ کی بچی راستے میں دم توڑ گئی جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 184ہو گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :