اسحاق ڈار و پرویز رشید کی مولانا فضل الرحمن سے ملاقات ،سیاسی اور سکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، حکومتی رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمن کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی ،جے یو آئی (ف) کے وزراء کو قلمدان سنبھالنے کا جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ، پرویز رشید

بدھ 19 مارچ 2014 06:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19مارچ۔2014ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کی جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات سیاسی اور سکیورٹی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی ۔

دوطرفہ ملاقات میں ملکی سیاسی اور سکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمن نے حکومتی رہنماؤں کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جس پر حکومتی رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کو ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ مولانا فضل الرحمن کو جے یو آئی (ف) کے وزراء کو قلمدان نہ سونپنے کے حوالے سے حکومت سے تحفظات تھے جس پر ان دو وزراء نے ان سے ملاقات کی ۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف) کے وزراء کو قلمدان سنبھالنے کا جلد نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا ۔ ملاقات میں حکومتی اتحاد کے موضوع پر بھی بات چیت کی گئی ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ امن کا راستہ بات چیت کے ذریعے ہی تلاش کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے تمام قومی امور پر تعاون کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔