پاکستان پر تمام اقلیتوں کا پورا حق ہے ہم نے اپنی حکومت کے دوران مسیحیوں، ہندوؤں، سکھوں کیلئے انقلابی کام کیے،چوہدری پرویز الٰہی، 5 سال میں اقلیتوں کے تمام مطالبات پورے کئے، انہیں پورا پورا تحفظ دیا اور کسی کو انگلی تک نہیں لگی، ہم اپنے دور میں دی گئی زمینیں، پلاٹ اور مکان حکومت کو چھیننے نہیں دیں گے، اپنے حقوق مانگنے والی نرسوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹروں، اساتذہ، ملازمین پر ظلم و تشدد کے ذمہ دار حکمران ہیں، عوام ظلم کرنے اور سہولتیں چھین لینے والوں سے حساب لیں گے،مسلم لیگ مینارٹی ونگ ورکرز کنونشن سے خطاب

اتوار 16 مارچ 2014 07:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16مارچ۔2014ء ) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان پر تمام اقلیتوں کا پورا حق ہے ہم نے اپنی حکومت کے دوران مسیحیوں، ہندوؤں، سکھوں کیلئے انقلابی کام کیے، 5 سال میں اقلیتوں کے تمام مطالبات پورے کئے، انہیں پورا پورا تحفظ دیا اور کسی کو انگلی تک نہیں لگی، ہم اپنے دور میں دی گئی زمینیں، پلاٹ اور مکان حکومت کو چھیننے نہیں دیں گے، اپنے حقوق مانگنے والی نرسوں، لیڈی ہیلتھ ورکرز، ڈاکٹروں، اساتذہ، ملازمین پر ظلم و تشدد کے ذمہ دار حکمران ہیں، کلرکوں کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیوں نہیں کر رہے، عوام ظلم کرنے اور سہولتیں چھین لینے والوں سے حساب لیں گے۔

وہ یہاں پاکستان مسلم لیگ ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ مینارٹی ونگ ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

پنجاب کے تمام اضلاع سے آنے والے مندوبین سے ہال کھچا کھچ بھرا تھا اور وہ پارٹی پرچم لہرا کر ”چودھری پرویزالٰہی، ہمارا محسن ہمارا بھائی“ اور چودھری شجاعت حسین، مونس الٰہی کے حق میں پرجوش نعرے لگاتے رہے۔ کنونشن میں بشپ، پاسٹر، وکلاء، اساتذہ اور نرسیں بھی شریک تھیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہم نے اسلامی اصولوں اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کیا اور ان کی بہتری کیلئے 60 سال میں پہلی بار مثالی اقدامات کیے جن میں دہرے ووٹ کا حق، اقلیتی بچوں کیلئے تعلیمی وظائف اور خصوصی کوٹہ، ایف سی کالج سمیت 45 تعلیمی اداروں کی واپسی اور اپ گریڈنگ، چرچز، مندروں اور گوردواروں کی تعمیر و مرمت کیلئے خصوصی فنڈز، ننکانہ صاحب ماڈل سٹی کا قیام، ملازمتوں میں کوٹہ، کلارک آبا اور دیگر علاقوں میں زرعی اراضی اور رہائشی پلاٹوں کی مالکانہ حقوق پر تقسیم، کرسچن ماڈل ویلجز کا قیام بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گینز ریکارڈز پر کروڑوں روپے ضائع کرنے کی بجائے اقلیتوں کو تحفظ دینے اور انہیں سہولتیں فراہم کرنے پر خرچ کرنے چاہئیں لیکن انہوں نے اقلیتوں کو ہمارے دئیے گئے تعلیمی وظائف بھی بند کر دئیے ہیں اور کلارک آباد اور دیگر مقامات پر انہیں دی گئی اراضی اور رہائشی پلاٹ چھیننے کی کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور امن و امان کے قیام میں اقلیتوں کا کردار ہمیشہ قابل فخر رہا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اقلیتوں کے علاوہ ہم نے غریب اور عام آدمی کیلئے جو سہولتیں فراہم کی تھیں انہیں آگے بڑھانے کی بجائے ختم کیا جا رہا ہے ہماری تعمیر کردہ سڑکوں کی مرمت نہیں کرائی جا رہی، 1122 کی گاڑیاں تبدیل نہیں کر رہے، ووٹ لے کر یہ ووٹروں کو بھول جاتے ہیں۔

کنونشن میں متفقہ قراردادوں کے ذریعہ مطالبہ کیا گیا کہ گوشہ امن گڑھی شاہو کی 21 کنال اراضی اور دیگر چرچوں کی اراضی واپس کی جائے، کلارک آباد فنڈز میں 749 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ کی ڈی نوٹیفکیشن ختم کی جائے۔ انجینئر شہزاد الٰہی نے کہا کہ اقلیتوں کیلئے چودھری پرویزالٰہی کا دور مثالی تھا، اس دور میں اقلیتوں کیلئے کیے گئے تاریخی اقدامات کی فہرست بڑی طویل ہے لیکن ن لیگ ہر شعبہ میں ہمارے ساتھ زیادتی کر رہی ہے، پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین نے کہا کہ خدمات کے باعث ہماری پارٹی دن بدن مضبوط ہو رہی ہے، اقلیتوں سمیت ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کو احساس ہے کہ ہم نے ان کی کیا خدمت کی اور ہم یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔

سینئر صوبائی نائب صدر محمد بشارت راجہ نے ن لیگ کے دور میں اقلیتوں کے ساتھ والے والی زیادتیوں کا تفصیل سے ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت کے شعبوں میں ہمارے مسیحی بھائیوں کا مثالی کردار ہے، آج ان دونوں شعبہ میں ملازمین سے زیادتی ہو رہی ہے، ہم ہر حال میں ان کا ساتھ دیں گے۔ کنونشن میں خطاب اور شرکت کرنے والوں میں سیمل کامران، ندیم شہزاد، عامر بھٹی، یونس سہیل، جیمس ناز، عارف جاوید کھوکھر، وینس کھوکھر، یونس وزیر، خرم بھٹی، آشر گل، عامر نوید، شاہد عمر، جاوید جوزف اور اشفاق بھٹی بھی شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :