ڈالر ایک بار پھر پاکستانی روپیہ کے سامنے مستحکم ہو گیا، ڈالر 99روپے کا ہو گیا ، ریکارڈ اضافے سے یورو کی قدر135روپے سے بڑھ کر139روپے، پاونڈ161روپے سے بڑھ کر166روپے تک پہنچ گیا

جمعہ 14 مارچ 2014 08:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء) امریکی ڈالر کی قدر میں نمایاں کمی کے بعد ایک بار پھر ڈالر پاکستانی روپیہ کے سامنے مستحکم ہو گیا اور ایک روز قبل اپنی قدر کو کھو کر98روپے پر آنیوالا ڈالر جمعرات کو 99روپے کا ہو گیا جبکہ ریکارڈ اضافے سے یورو کی قدر135روپے سے بڑھ کر139روپے اور برطانوی پاونڈ161روپے سے بڑھ کر166روپے تک پہنچ گیا ۔گذشتہ تقریبا10روز کے دوران ڈالر کی قدر کو گرانے کے بعد اب پاکستانی روپیہ ڈالر کے مقابلے دباؤ کا شکار ہو گیا جبکہ دیگر غیر ملکی کرنسیاں بھی روپے پر حاوی ہو گئیں ۔

فوریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ تک ڈالر کی قدر کو تیزی کے ساتھ گرانے والا پاکستانی روپیہ جمعرات کو امریکی ڈالر کے سامنے غیر مستحکم ہو گیا اور ڈالر کے سامنے روپیہ نے اپنی قدر90پیسے تک کم کر دی جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 98.20روپے سے بڑھ کر 99.10روپے اور قیمت فروخت 98.30روپے سے بڑھ کر99.20روپے ہو گئی اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر20پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت خرید 98.30روپے سے بڑھ کر99.20روپے اور قیمت فروخت 98.60روپے سے بڑھ کر99.70روپے ہو گئی ۔

(جاری ہے)

فوریکس رپورٹ کے مطابق جمعرات کو یورو کی قدر میں3.75روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت خرید 135روپے سے بڑھ کر138.75روپے اور قیمت فروخت 135.25روپے سے بڑھ کر139روپے ہو گئی اسی طرح4.50روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پاونڈ کی قیمت خرید 161.50روپے سے بڑھ کر166روپے اور قیمت فروخت 161.75روپے سے بڑھ کر166.25روپے ہو گئی ۔فوریکس رپورٹ کے مطابق جمعرات کو پاکستانی روپیہ یو اے ای درہم اور سعودی ریال کے مقابلے میں بھی بالترتیب65پیسے اور40پیسے گھٹ گیا جس سے یو اے ای درہم کی قیمت فروخت26.90روپے سے بڑھ کر27.55روپے اور سعودی ریال کی قیمت خرید26.40روپے سے بڑھ کر26.80روپے تک جا پہنچی۔

واضح رہے بدھ کو انٹربینک میں ڈالر کی قیمت1.90 پیسے کمی دیکھی گئی تھی اور امریکی کرنسی کی قیمت 98روپے کی سطح پر آگئی تھی، تجزیہ کاروں کے مطابق مستقبل میں غیرملکی انفلوز آنے سے ڈالر کی قیمت میں مزید کمی کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :