اسلام آباد،عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹربین میسوڈون کی وزیرمملکت انوشہ رحمان سے ملاقات،پاکستان میں آئی ٹی کی صنعت کومضبوط کرنے اورباہمی تعاون کے امورپرغور

جمعہ 14 مارچ 2014 07:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹربین میسوڈون نے وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان میں آئی ٹی کی صنعت کومضبوط کرنے اورباہمی تعاون کے امورپرغوروخوض کیاگیا۔وزیرمملکت نے پاکستان میں ٹیلی کام کی صنعت اورآئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کومزیدبہترکرنے کے سلسلے میں موجودہ حکومت کے اقدامات سے مسٹربین میسوڈون کوآگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ عالمی کسادبازاری اورعلاقائی رکاوٹوں کے باوجودپاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری نے بڑی تیزی سے ترقی کی ہے ،حکومت متعلقہ فریقین سے تفصیلی مشاورت کے بعدمقامی آئی ٹی صنعت کوپرکشش مراعات کاایک مکمل پیکج پیش کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہاکہ ان کامقصدعالمی سطح پرپاکستان کی آئی ٹی صنعت کی شراکت کاری کومزیدفروغ دیناہے ۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اس سلسلے میں پہلے ہی متعدداقدامات کرچکی ہے ۔

حالیہ کامیابیوں میں ای گورننس پرعملدرآمد،کثیرالمقاصدکمیونٹی ٹیلی سنٹرکے پروگرا کوتیزکرنااورنوجوانوں کے لئے کاروبارکوترقی دیناشامل ہے ۔وزیرمملکت نے جدیدخطوط پراستوارکرنے کیلئے تعاون کوفروغ دینے اورنئی ابھرتی ہوئی مہارتوں کواپنانے کی اشدضرورت ہے ۔وزیرمملکت نے ملک بھرمیں موذوں جگہوں پرٹیکنالوجی پارکس کے قیام میں عالمی بینک کے تعاون اورفنی امدادکاخیرمقدم کیا۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنے انوشہ رحمن کی قیادت میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہاکہ کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے انفارمیشن اورمواصلاتی فنی مہارتوں کواختیارکرنانہایت ضروری ہے ۔کیونکہ آئی سی ٹی کے استعمال سے بڑے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں ۔کنٹری ڈائریکٹرنے وزیرمملکت کویقین دلایاکہ عالمی بینک پاکستان میں جدیدٹیکنالوجی پارکس کے قیام کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بڑے موثراورمستعداندازمیں فنی امدادفراہم کرنے پرغورکریگا۔