” پرویز مشرف کی پیشی کا حکم برقرار“، خصوصی عدالت سا بق صدر پر آ ج فرد جرم عائد کرے گی، وکیل صفائی کی علالت کے باعث مشرف کی جانب سے دائر تین درخواستوں پر سماعت آج تک ملتوی، ملزم کی جانب سے دائر درخواستوں پر وکلائے صفائی جب چاہیں دلائل دے سکتے ہیں انہیں زبردستی مجبور نہیں کیا جائے گا ،جسٹس فیصل عرب

جمعہ 14 مارچ 2014 07:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔14مارچ۔2014ء)سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت نے وکیل صفائی کی علالت کے باعث پرویز مشرف کی جانب سے دائر تین درخواستوں پر سماعت (آج) جمعہ تک ملتوی کردی ہے جبکہ عدالت نے پرویز مشرف کی پیشی کا حکم برقرار رکھا ہے اورآج ( جمعہ کو ) ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔دوسری جانب غداری کیس کی سماعت کرنے والی خصوصی عدالت کے ججز کو خفیہ ایجنسی کے اعلی عہدیدار نے سابق صدر پرویز مشرف پر ممکنہ حملے سے متعلق سندھ ہاوٴس میں ان کیمرہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سابق صدر پر ممکنہ دہشتگردی کے حملے کی منصوبہ بندی سے متعلق ایک فون کال ٹریپ کی گئی تھی جس سے وزارت داخلہ کو آگاہ کیاگیاجس کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس بارے الرٹ رکھنا ہوتاہے ، پرویز مشرف پر 2003میں بھی حملہ ہوا جس میں ان کی اپنی سیکیورٹی کے لوگ ملوث تھے اور اب بھی اس قسم کے خطرات موجود ہیں ارو اب تک پرویز مشرف پر حملے سے متعلق 28الرٹ جاری کیے جا چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز غداری مقدمہ کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر اور جسٹس یاور علی پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں شروع کی تو وکیل صفائی انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ وہ فوڈ پوائزن کی وجہ سے آج دلائل نہیں دے سکیں گے لہٰذا مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی جائے جس پر عدالتی سربراہ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ ملزم کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کا زبردستی حکم نہیں دے سکتے اگر وکیل صفائی کی طبیعت ناساز ہے تو مذکورہ درخواستوں کی سماعت (آج) جمعہ کو سماعت کے موقع پر کرلی جائے گی۔

اس پر انور منصور نے کہا کہ وہ جمعہ کو بھی دلائل نہیں دے سکیں گے جس پر عدالتی سربراہ نے کہا کہ ملزم کی جانب سے دائر درخواستوں پر وکلائے صفائی جب چاہیں دلائل دے سکتے ہیں انہیں زبردستی مجبور نہیں کیا جائے گا تاہم مقدمہ کی کارروائی جاری رہے گی اور (آج) پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی کا حکم برقرار ہے۔ بعدازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ پرویز مشرف کی جانب سے بیرون ملک والدہ کی عیادت کیلئے روانگی کی اجازت‘ مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے اور تین نومبر 2007ء کے اقدامات میں ان کے ساتھ شامل دیگر شخصیات کو بھی مقدمہ میں شامل تفتیش کرنے کے علاوہ پراسیکیوٹر اکرم شیخ کی تقرری کیخلاف درخواستیں خصوصی عدالت میں زیر سماعت ہیں جن پر جمعرات کے روز وکلائے صفائی نے دلائل دینے تھے تاہم پرویز مشرف کے وکیل کی بیماری کے باعث مقدمہ کی سماعت (آج) تک ملتوی کی گئی ہے۔

بعدازاں دن ایک بجے خفیہ ایجنسی کے اعلی عہدیدار نے وزارت داخلہ کے حکام کے ہمراہ سندھ ہاوٴس میں خصوصی عدالت کے ججز کو پرویز مشرف پر ممکنہ حملے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے قبائلی علاقہ کی فون کال ٹریپ کی تھی جس سے پتہ چلا تھا کہ سابق صدر پر عدالت پیشی کے دوران حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس سے فوری طور پر وزارت داخلہ مذکورہ تھرٹ رپورٹ کے ذریعے آگاہ کیا گیا تاکہ اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جائیں۔

ذرائع کے بریفنگ کے دوران خفیہ ایجنسی کے عہدیدار نے عدالت کو پرویز مشرف پر حملوں سے متعلق جاری کیے گئے تھرٹس سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ بھی کیا ۔ واضح رہے کہ (آج) جمعہ کے روز ہونے والی سماعت کے موقع پر خصوصی عدالت نے ملزم پرویز مشرف کو عدالت نے طلب کررکھا ہے جہاں ان پر سنگین غداری مقدمے میں فرد جرم عائد کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :