آصف علی زرداری نے قائم علی شاہ کو دبئی طلب کرلیا ،تھر میں قحط سالی،بچوں کی اموات کے بعد سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پرردوبدل کا فیصلہ ،وزراء سے قلمدان واپس لینے کی بجائے استعفے لینے کا فیصلہ کرلیا گیا ، سراج درانی پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں ،صوبائی وزیر صحت مخدوم جمیل الزمان نے صحت خراب ہونے کا بہانہ بنا کر استعفیٰ دے دیا ، سندھ حکومت نے استعفیٰ کی تردید یا تصدیق نہیں کی

منگل 11 مارچ 2014 08:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء) تھر میں قحط سالی اور بچوں کی اموات کے بعد سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا ، آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو دبئی طلب کرلیا ، وزراء سے قلم دان واپس لینے کی بجائے استعفے لینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ، صوبائی وزیر صحت مخدوم جمیل الزمان نے صحت خراب ہونے کے بہانے سے اپنا استعفیٰ دے دیا ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا فیصلہ کرلیا گیا اور کارکردگی نہ دکھانے والے وزراء سے ان کے قلمدان واپس لینے اور وزراء کی تبدیلی کی افواہیں بھی گردش کررہی ہیں ۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو دبئی طلب کرلیا ہے جو آج کسی بھی وقت دبئی پہنچ جائینگے جبکہ سندھ اسمبلی کے سپیکر آغا سراج درانی پہلے ہی دبئی میں موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

میڈیا ذرائع کے مطابق تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں سندھ کابینہ میں ردوبدل بارے اہم فیصلے کئے جائیں گے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق سندھ میں وزراء سے قلمدان واپس لینے اور وزارتوں میں تبدیلی کیلئے وزیروں سے استعفے لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس فیصلے کے باعث وزیر صحت سندھ مخدوم جمیل الزمان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں تاہم ان کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیل الزامان نے خرابی صحت کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے لیکن سندھ اسمبلی نے ان کے استعفے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے ۔