چودھری نثا راور مولانا سمیع الحق میں ٹیلی فونک رابطہ،امن مذاکرات میں پیش رفت اور دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے بات چیت، حکومتی مذکراتی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا، فائربندی کو موثر اور اس میں توسیع کے لیے مولانا سمیع الحق اپنا کردار ادا کریں ، وفاقی وزیرداخلہ،کمیٹی تین یا4بیوروکریٹس پرمشتمل ہوگی، فوج کانمائندہ شامل نہیں ہوگا،چوہدری نثار کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 11 مارچ 2014 08:30

اسلام آباد/نوشہرہ کینٹ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔11مارچ۔2014ء) طالبان مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اور جمعیت علماء اسلام( س) کے مرکزی امیر مولانا سمیع الحق سے وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار احمد خان کا ٹیلی فونک رابطہ،امن مذاکرات میں پیش رفت اور دوسرے مرحلے کی کامیابی کے لیے تفصیلی بات چیت کی گئی جبکہ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار احمد خان نے مولانا سمیع الحق کو بتایا کہ حکومتی مذکرااتی ٹیم کا اعلان ایک دو روز میں کردیا جائے گا۔

فائربندی کو موثر بنانے اور اس میں توسیع کے لیے مولانا سمیع الحق اپنا کردار ادا کریں ،مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ سے کہا کہ امن مذاکرات کی ہی برکت ہے کہ پاکستان روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے اور ڈالر کی قدر آنے والے دن کے ساتھ کم ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

جس پر وزیر داخلہ نے زوردار قہقہہ لگایا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار احمد خان کا طالبان مذاکراتی ٹیم کے سربراہ مولانا سمیع الحق سے گزشتہ روز ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ۔

دارالعلوم حقانیہ آکوڑہ خٹک کے ذرائع اور طالبان کمیٹی کے رکن مولانا سید یوسف شاہ کے مطابق دونوں رہنماؤ ں نے امن مذاکراتی عمل پر تفصیلی بات چیت کی اور دوسرے مرحلے کی کامیابی اور اس کو موثر بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اس موقع پر مولانا سمیع الحق کو حکومتی مذاکراتی ٹیم کی تشکیل ، پاک فوج اور عمران خان سمیت دیگر قومی رہنما ؤ ں سے ان کے رابطوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ حکومت ایک دو روز میں حکومتی مذاکراتی ٹیم کا با ضابطہ اعلان کردے گئی۔

انہوں نے مولانا سمیع الحق کو یقین دلایا کہ حکومت مذاکراتی عمل کو کامیابی کے ساتھ اگلے لے جانا چاہتی ہے۔ مولانا سمیع الحق نے وزیر داخلہ کو کہا کہ امن مذاکرات کی ہی برکت ہے کہ پاکستان روپے کی قدر میں استحکام آیا ہے اور ڈالر کی قدر آنے والے دن کے ساتھ کم ہورہی ہے۔جس پر وزیر داخلہ نے زوردار قہقہہ لگایا۔ادھروفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارنے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات کیلئے حکومت کی نئی مذاکراتی کمیٹی کااعلان دوتین روزمیں کردیاجائیگا،کمیٹی میں فوج کانمائندہ شامل نہیں ہوگا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کمیٹی تین یا4بیوروکریٹس پرمشتمل ہوگی ۔نئی کمیٹی طالبان سے براہ راست مذاکرات کریگی ،کمیٹی میں شامل افرادکافاٹااورخیبرپختونخواہ سے تعلق ہے ،ان کاایک تجربہ بھی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پہلے مرحلے میں طالبان کی کمیٹی وہاں جاکرمعاملات طے کریگی کہ ملاقات کہاں ہوگی اوردونوں اطراف سے کون کون لوگ مذاکرات میں شامل ہوں گے ۔

سمیع الحق کی کمیٹی رابطے کیلئے قائم رہے گی ۔خیبرپختونخواہ حکومت کی نمائندگی ہوگی اس پربات چیت چل رہی ہے ۔تحریک انصاف سے کسی سیاسی نمائندہ کامطالبہ نہیں کیاہماراخیال ہے کہ بیوروکریٹ ہوناچاہئے ۔انہوں نے کہاکہ کمیٹی میں فوج کانمائندہ نہیں ہوگاتاہم تمام کام میں فوج کی مشاورت شامل ہے اورمددبھی ہوگی۔