حکومتی اداروں کی کرپشن نے پورے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے، منورحسن ،بھارت پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے تو اسے خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا ، وفود سے گفتگو

پیر 10 مارچ 2014 07:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منورحسن نے کہا ہے کہ حکومت کی عوامی مسائل پر کوئی توجہ نہیں ، عوام مہنگائی اور بے روزگاری کے ہاتھوں اذیت ناک زندگی گزاررہے ہیں ، نام نہاد میلوں ٹھیلوں اور فیسٹیول پر قوم کا سرمایہ لٹایا جارہاہے ۔بھارت کی سیکرٹری خارجہ کا یہ بیان کہ ” دہشتگردی کو ختم کرنے کے لیے پاکستان سے تعاون کے لیے تیار ہیں “ مضحکہ خیز ہے ۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہاہے وہ کس منہ سے پاکستان میں دہشتگردی ختم کرنے کے لیے تعاون کی پیشکش کررہاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سیدمنورحسن نے کہاکہ اگر حکومت واقعی عوام کو ریلیف دینا اور ملک کو ترقی و خوشحالی کی منزل تک لے جانا چاہتی ہے تواسے فور ی طور پر سرکاری اداروں میں کرپشن کے خاتمہ پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی ،نعروں اور دعوؤں کی بجائے انہیں عملی قدم اٹھا ناہوگا،سب سے پہلے وزیراعظم اپنے اثاثے بیرون ملک سے پاکستان لائیں اور اس کے بعد بیرونی بنکوں میں موجود قوم کے لوٹے گئے اربوں ڈالرپاکستان میں منتقل کرنے کی تدبیر کریں، ملک سے سودی نظام کا خاتمہ کریں اوراپنے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے کاسہ ء گدائی توڑ دیں اورآئی ایم ایف اور ورلڈبنک کے سودی قرضوں سے ہمیشہ کیلئے توبہ کرلیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ملک خوشحالی اور ترقی کی منزل کو حاصل نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

سہانے خواب دکھانے اور دلفریب نعرے لگانے سے کامیابیاں نہیں ملتیں۔ سیدمنورحسن نے کہاکہ بھارت کی سیکریٹری خارجہ کا بیان کہ ”دہشت گردی کو ختم کرنے میں پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہیں “مضحکہ خیز ہے ۔بھارت میں ایک درجن سے زائد دہشتگرد تنظیمیں پائی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے تو اسے خطے میں امن و امان کے قیام کیلئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنا ہوگا اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی طرف سے امریکی پابندیوں کے خوف سے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو معطل کرنے کا بیان عالمی برادری میں قومی وقار کو دھبہ لگانے کے مترادف ہے ،جب تک حکمران امریکی غلامی کی زنجیروں سے آزاد نہیں ہوتے قومی سلامتی اور خود مختاری پر سوالیہ نشان رہے گا۔سید منورحسن نے کہا کہ مہنگائی اور بے روز گاری نے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ،حکومتی اداروں کی کرپشن نے پورے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے ،حکمران چوروں ،لٹیروں اور رسہ گیروں کے ہاتھوں یرغمال ہیں اور جب کچھ نہیں بن پڑتا تو قومی اداروں کی لوٹ سیل لگا دی جاتی ہے اور پھر موقع پرست سیاستدانوں کے ہاتھ ان اداروں کو کوڑیوں کے بھاؤ بیچ دیا جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ صاف و شفاف جائزہ کمیشن قائم کرکے سابقہ ادوار میں ہونے والی نجکاری سے حاصل ہونے آمدن کا مکمل حساب قوم کے سامنے پیش نہیں کیاجائے۔