وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی گڈانی پاور پراجیکٹ کی بہتر اور بروقت تکمیل کیلئے الٹرسوپر ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت،منصوبہ کے تفصیلی جائزہ کیلئے غیر جانبدار ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی منظو ری دیدی گئی

پیر 10 مارچ 2014 07:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مارچ۔2014ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے گڈانی پاور پروجیکٹ(منصوبہ) کی بہتر اور بروقت تکمیل کیلئے الٹر سوپر ٹیکنالوجی کے استعمال کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ منصوبے کے تفصیلی جائزے کیلئے غیر جانبدار ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اتوار کے روز وزارت خزانہ،اقتصادی امور ونجکاری میں گڈانی پاور پروجیکٹ کے حوالے سے درپیش مسائل کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اجلاس میں وزارت خزانہ کے علاوہ اقتصادی امور ڈویژن اور نیپاک کے حکام نے بھی شرکت کی،اجلاس کے دوران سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کی سیکرٹری نرگس سیٹھی نے شرکاء کو منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی،بریفنگ کے دوران نرگس سیٹھی نے منصوبہ کے پارک کے لئے دستیاب جگہ کو موزوں قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جگہ حب میں تعمیر شدہ ڈھانچوں کے نزدیک ہے اور کراچی سے اس کی مسافت کافی کم ہے،یہ عوامل اس کو منصوبہ کیلئے ایک آئیڈیل جگہ بناتے ہیں،انہوں نے کہا کہ گڈانی پاور پارک میں کوئلہ کے استعمال سے بجلی پیدا کرنے کیلئے10توانائی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے جبکہ ان کے علاوہ راکھ کو ٹھکانے لگانے والے یونٹس،وہاں رہائشی علاقے،اسکولز اور کھیل کود کے میدان قائم کئے جائیں گے،منصوبے کا پی سی ون نیپاک تیار کر رہی ہے جس میں ایک جیٹی کی تعمیر اور اس سے متعلقہ دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا،اس موقع پر وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ چونکہ منصوبہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے لہٰذا اس کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس حوالے سے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے،وفاقی وزیر نے اصرار کیا کہ منصوبے کی بروقت اور مؤثر تعمیر کے لئے الٹرسوپر ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے،انہوں نے منصوبے کے تفصیلی جائزہ کیلئے غیر جانبدار ماہرین کی خدمات مستعار لینے کی بھی ہدایت کی،اسحاق ڈار نے منصوبے کی تکمیل کیلئے نجی شعبے کے وسائل کے استعمال پر زور دیا اور منصوبے کو سراہتے ہوئے اس کو کم لاگتی توانائی کی پیداوار کیلئے درمیانی مدتی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے اہم قرار دیا،انہوں نے انڈسٹریل پالیسی ڈویلپمنٹ فریم ورک کو گڈانی پاور پروجیکٹ کے اعلیٰ حکام سے بھرپور تعاون کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کیں،انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی امداد سے تعمیر کئے جانے والے جامشورو کوئلہ منصوبے کی جلد تکمیل کی بھی ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :